Saturday, April 20, 2024

تحریک عدم اعتماد ،اپوزیشن سینیٹرز کا اہم اجلاس آج ہوگا

تحریک عدم اعتماد ،اپوزیشن سینیٹرز کا اہم اجلاس آج ہوگا
July 17, 2019
اسلام آباد (روزنامہ 92 نیوز )چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملہ پر اپوزیشن نے فائنل رائونڈ کھیلنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں، اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے راجہ ظفر الحق رابطے کرکے آئندہ کی حکمت عملی کے بارے میں مشاورت کررہے ہیں جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے سینٹرز کا اہم اجلاس آج راجہ ظفر الحق کی صدارت میں ہوگا ۔ اجلاس  میں اپوزیشن قائدین کی مشاورت کی روشنی میں اس تحریک پر حتمی حکمت عملی مرتب کی جائے گی ، اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق کا عملہ تمام اپوزیشن سینٹرز سے رابطہ کرکے انہیں اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی تاکید کررہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق دوسری طرف اس تحریک کو ناکا م بنانے کے لئے حکومت نے بھی اپنی مہم شروع کردی ہے ،حکومتی ارکان  ڈپٹی چیئر مین سینٹ سلیم مانڈوی والا اور سینٹر شیری رحمن ٰسے رابطے کرر ہے ہیں ،ذرائع نے بتایا کہ اسد قیصرکے لئے اپوزیشن ارکان نرم گوشہ رکھتے ہیں اس لئے انکے ذریعے حکومت اپوزیشن سے رابطہ کررہی ہے ۔ حکومت اس معاملہ پر بیک وقت کئی آپشن استعمال کررہی ہے جس میں پہلا آپشن یہ ہے کہ پی پی کو ڈپٹی چیئر مین سینٹ کی سیٹ محفوظ بنانے کی پیش کی گئی ہے ،دوسرے آپشن کے طو رپر چند  لیگی سینٹرز سے رابطے کئے گئے ہیں اور انہیں خفیہ رائے شماری کے طریقہ کار سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپوزیشن کی تحریک کو ناکام بنانے کی ترغیب دی گئی ہے ۔ تیسرے آپشن کے طو رپر اپوزیشن جماعتوں کے اہم قائدین سے رابطے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، ذرائع نے بتایا کہ تیسرا آپشن سب سے موثر ثابت ہوسکتا ہے ۔