Sunday, May 19, 2024

تحریک انصاف کے نامزد امیدوار عثمان بزدار پنجاب کے نئے حکمران منتخب

تحریک انصاف کے نامزد امیدوار عثمان بزدار پنجاب کے نئے حکمران منتخب
August 19, 2018
لاہور (92 نیوز) پنجاب کی حکمرانی کا تاج عثمان بزدار  کے سر سج گیا۔ تحریک انصاف کے نامزد امیدوار عثمان بزدار پنجاب کے نئے حکمران منتخب ہو گئے۔ عثمان بزدار 186 ووٹ لیکر وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے جبکہ حمزہ شہباز شریف نے 159 ووٹ حاصل کئے۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ 10 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ اجلاس کی صدارت اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی نے کی۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے سے قبل ہی ن لیگ کی ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی۔ ن لیگی ارکان سیٹوں سے اٹھ کر اسپیکر کے ڈیسک کے سامنے جمع ہو گئے اور ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگائے۔ مسلم لیگ ن کے ارکان نے بازوں پر کالی پٹی باندھ رکھی  تھیں۔ اجلاس تاخیر کا شکار ہونے پر سعد رفیق کا اسپیکر پنجاب اسمبلی سے شکوہ بھی ہوا۔ سعد رفیق نے کہا کہ گیارہ بجے کا وقت دیا گیا تھا ایک گھنٹہ اوپر ہو گیا ہے ،ایسی کوئی بات نہیں کہ ہم کوئی ہنگامہ آرائی نہیں کرنا چاہتے تھے ، جماعت کے لوگ پورے نہیں تھے انکے لیے اجلاس سوا گھنٹہ انتظار کیا گیا۔ تلاوت کلام پاک شروع ہونے پر ن لیگی ارکان اپنی سیٹوں پر چلے گئے۔ اس کے بعد سیکرٹری اسمبلی وزیراعلیٰ کے انتخاب کے حوالے سے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا جس کے مطابق عثمان بزدار کو ووٹ دینے والے اسپیکر کی دائیں طرف کی لابی میں جائیں گے، حمزہ شہباز کو ووٹ دینے والے بائیں والی لابی میں جائٰیں گے۔ اس کے بعد پنجاب اسمبلی میں انتخاب کیلئے کارروائی شروع ہوئی۔ 159  کے قریب رکن صوبائی اسمبلی حمزہ شہباز کے لیے مخصوص لابی میں موجود جبکہ 188 کے قریب رکن صوبائی اسمبلی سردار عثمان بزدار کے لیے مخصوص لابی میں رہے۔ ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی کا عمل شروع ہوا جس میں پنجاب کی حکمرانی کا تاج عثمان بزدار  کے سر سج گیا۔ نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب کو ساتھی ارکان کی طرف سے مبارکبادیں بھی ملیں۔