Tuesday, April 23, 2024

تحریک انصاف کے رہنماﺅں میں شدید اختلافات !!!! آج ہونے والے مشاورتی اجلاس میں تلخی پیدا ہونے کا خدشہ

تحریک انصاف کے رہنماﺅں میں شدید اختلافات !!!! آج ہونے والے مشاورتی اجلاس میں تلخی پیدا ہونے کا خدشہ
August 2, 2015
لاہور (92نیوز) تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس آج اسلام آباد میں ہو رہا ہے جس میں ملک بھر سے عہدیداروں اور رہنماﺅں کو دعوت نامے جاری کئے جا چکے ہیں۔ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعد ناراض رہنماﺅں میں اجلاس کے دوران تلخی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں اور اپنی ہی پارٹی کے رہنماﺅں پر بعض ناراض رہنما برس پڑے ہیں جبکہ بعض نے تو جسٹس (ر) وجیہہ الدین ٹربیونل کے فیصلے پرعمل درآمد کےلئے تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما حامد خان نے تو یہاں تک کہہ دیا ہے کہ آمریت کی گودسے آنے والے پارٹی کو نقصان پہنچارہے ہیں، جہانگیرترین، پرویزخٹک، علیم خان اورنادرلغاری کو پارٹی سے نکالناہوگا۔ اس تمام صورتحال سے ظاہر ہو رہا ہے کہ تحریک انصاف کا آج ہونے والا اجلاس گرما گرم رہے گا جبکہ عمران خان پارٹی رہنماﺅں کے درمیان اختلافات ختم کرنے کیلئے اپنی بھرپور کوشش کریں گے۔