Saturday, April 20, 2024

تحریک انصاف کے رہنما یار محمد رند کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

تحریک انصاف کے رہنما یار محمد رند کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی
July 5, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما یار محمد رند کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی جبکہ چوہدری محمد سرور کے بھائی چوہدری محمد رمضان انتخابات کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔ یار محمد رند کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل نے ماسٹر ڈگری حاصل کی لیکن موجودہ کاغذات نامزدگی میں ایف اے کی ڈگری ظاہر کی۔ ایم اے کی ڈگری شہادت العالمیہ سے لی اس لیے ظاہر نہیں کرنا چاہتے تھے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جس زاویے سے بھی دیکھیں بددیانتی کہیں نہ کہیں تو بنتی ہے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے یار محمد رند کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ حلقہ پی پی 120 سے تحریک انصاف کے امیدوار اور چوہدری محمد سرور کے بھائی چوہدری محمد رمضان کے کیس میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ چوہدری رمضان نے جھوٹا بیان حلفی جمع کرایا۔ کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت برطانوی شہریت ختم نہیں ہوئی تھی۔ چوہدری رمضان کےخلاف آرٹیکل 204 کے تحت توہین عدالت کی کارروائی ہوسکتی ہے۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے چوہدری محمد رمضان کو آئندہ انتخابات کےلیے نااہل قرار دے  دیا۔