Friday, April 19, 2024

تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں بیس اپریل تک توسیع

تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں بیس اپریل تک توسیع
April 11, 2019

 لاہور (92 نیوز) آف شور کمپنیاں اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں تحریک انصاف کے رہنماء عبدالعلیم کے جوڈیشل ریمانڈ میں بیس اپریل تک توسیع کر دی گئی۔

 لاہور کی احتساب عدالت میں علیم خان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی۔ جج نجم الحسن بخاری نے دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا  بتائیں تفتیش کا کیا بنا؟۔

 نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا ابھی بہت سا ریکارڈ حاصل کرنا ہے جس پر تفتیش جاری  ہے۔ عبدالعلیم خان کے وکیل نے بتایا تمام ریکارڈ نیب کو دے دیا اب کوئی ریکارڈ نہیں رہتا۔

 نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کیس کی تفتیش میں جلد بازی نہیں کر رہے۔

 عدالت نے ریمارکس دئیے آپ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ اس کیس میں ابھی کیا جلدی ہے؟۔ فائنل رپورٹ کو تیزی سے مکمل کر کے پیش کرنا آپ کا فرض ہے،آئندہ سماعت پر حتمی رپورٹ پیش کریں۔

 نیب پراسیکیوٹر نے بتایاعلیم خان کے خلاف ریفرنس چیئرمین کی منظوری سے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ حتمی رپورٹ بھی ریفرنس کے ساتھ ہی پیش کی جائے گی۔

 عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے حتمی رپورٹ اور ریفرنس کب تیار ہو گا، پہلے بھی یہی بات کہی گئی تھی۔ عدالت نے  نیب کو ہدایت کرتے ہوئے کہا جا کر ریکارڈ حاصل کریں،نیب کی رپورٹ جلد پیش کرنا قانون کی منشاء ہے۔ ہر پیشی پر سڑکوں کی بندش سے آدھا لاہور بند کر دیا جاتا ہے، تفتیشی افسر اپنی سستی ختم کر کے جلد کام نمٹائیں۔

عدالت نے فائنل رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت بیس اپریل تک ملتوی کر دی۔