Tuesday, April 23, 2024

تحریک انصاف کے دورمیں تقرریوں کی انکوائری شروع

تحریک انصاف کے دورمیں تقرریوں کی انکوائری شروع
November 5, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) تحریک انصاف کے دور میں تقرریوں کی انکوائری شروع ہو گئی۔ اوجی ڈی سی ایل میں اعلیٰ ترین عہدوں پر تقرریوں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے بعد اب حکمران جماعت پی ٹی آئی کے دور میں خلاف ورزیوں کے مرتکب افسران کی باری آ گئی۔ اہم ادارے میں بڑے عہدوں پر خلاف ضابطہ تقرریوں کا کیس کھل گیا۔ نیب نے پی ٹی آئی کے دورمیں تقرریوں کی انکوائری بھی شروع کر دی۔ اوجی ڈی سی ایل میں اعلی ترین عہدوں پر تقرریوں پر نیب نے ایم ڈی اوجی ڈی سی ایل سمیت 4 بورڈ ممبران کو طلب کر لیا۔ دستاویز کے مطابق عامر سلیم کو خلاف ضابطہ ایگزیکٹوڈائریکٹر پیٹروسرو تعینات کیا گیا۔ ان کی تقرری کیلئے شرائط اور اشتہار تبدیل کیا گیا۔ ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کمپنی تجربہ کی شرط ختم کی گئی۔ شعیب بیگ کو خلاف ضابطہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ آر تعینات کیا گیا۔ نیب نے ایم ڈی ڈاکٹر نسیم اور بورڈ ممبر سعدیہ خان، سعود خواجہ، اکبر ایوب خان کو طلب کر لیا۔ غیرقانونی تقرریوں پر گذشتہ بورڈ ممبران کے نام ای سی ایل میں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر پٹروسرو کے مقابلے میں سنئیر افسران پہلے سے موجود تھے۔ تین جنرل منیجر زائد تجربے کے باوجود ایگزیکٹو ڈائریکٹر پٹروسرو کے ماتحت ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چئیرمین بورڈ قمرجاوید نے غیرملکی کمپنی کے افسران کی تقرری میں اہم کردار ادا کیا۔ غیرملکی کمپنی اوجی ڈی سی ایل کو خدمات اور کیمیکل فراہم کرتی ہے۔