Saturday, May 11, 2024

تحریک انصاف کے 23 خفیہ بینک اکاؤنٹس پکڑے گئے، مریم نواز

تحریک انصاف کے 23 خفیہ بینک اکاؤنٹس پکڑے گئے، مریم نواز
January 19, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کہتی ہیں کہ تحریک انصاف کے 23 خفیہ بینک اکاؤنٹس پکڑے گئے۔ کہا کہ اکاؤنٹس عمران خان کے دستخط کے ساتھ آپریٹ ہو رہے تھے۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آفس کے باہر احتجاج کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اکاؤنٹس میں پیسہ ہنڈی کے ذریعے آیا، انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان کو بھارت اور اسرائیل سے فنڈز آئے۔

انہوں نے کہا، نومبر2014ء میں فارن فنڈنگ کا کیس دائر کیا گیا تھا، نوازشریف کا کیس تو دنوں میں چل کر دنوں میں ختم ہوا، 7 سال میں اس ادارے نے صرف 70 سماعتیں کیں، عمران خان نے اس مقدمے کو ملتوی کرانے کی 30 بار کوشش کی، کون کہتا تھا کہ اگر چوری نہیں کی تو تلاشی دے دو، پی ڈی ایم اور عوام آپ سے پوچھتی ہے کہ چوری نہیں کی تو مقدمے کو 30 بار رکوانے کی کوشش کیوں کی؟۔

اُن کا کہنا تھا تابعدار خان نے ہائیکورٹ میں 6 درخواستیں دیں کہ الیکشن کمیشن اس مقدمے کی سماعت نہیں کرسکتا، الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کمیٹی بنائی، جس کا کام تحقیقات کرکے تفصیلات عوام کے سامنے رکھنا تھا۔ اسکروٹنی کمیٹی عمران خان کی تابعدار بن گئی، 3 سال ہوگئے اسکروٹنی کمیٹی اس کیس کی تحقیقات نہیں کرسکی۔

اُن کا کہنا تھا کہ کہیں غلط فہمی تو نہیں ہوگئی کہ لانگ مارچ آج تھا، جتنا بڑا جم غفیر آج موجود ہے آپ کو غلط فہمی ہوگئی ہوکہ لانگ مارچ آج ہے۔ یہ احتجاج اگر جعلی ہے تو کان کھول کر سن لو جس دن عوام لانگ مارچ کے لیے یہاں پہنچے گی یہاں کیا عالم ہوگا۔

انہوں نے کہا، ہم آج ایک ایسی سڑک پر موجود ہیں جسے شاہراہ دستور کہتے ہیں، اس شاہراہ کے دونوں اطراف انصاف دینے والے ادارے ہیں، بہت افسوس کے ساتھ کہتی ہوں جس ملک میں رہتے ہیں وہاں آئین اور انصاف نہیں، الیکشن کمیشن کے باہر اس لیے جمع ہوئے ہیں اسے اس کی آئینی ذمہ داریاں یاد کروائیں۔

مریم نواز بولیں کہ ہم الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کو بتانا چاہتے ہیں آپ کا ادارہ پاکستان کا آئینی ادارہ ہے، پاکستانی قوم کا ادارہ ہے۔ یہ وہ ادارہ ہے جسے ووٹ کی عزت کی ذمہ داری عطا کی گئی ہے، یہ وہ ادارہ ہے جس کو عوام کے ووٹ کی عزت کروانی تھی۔