Friday, May 17, 2024

تحریک انصاف کی نئی تنظیم کا اعلان، اسد عمر نئے سیکرٹری جنرل مقرر

تحریک انصاف کی نئی تنظیم کا اعلان، اسد عمر نئے سیکرٹری جنرل مقرر
December 25, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی کی نئی تنظیم کا اعلان کردیا، اسد عمر تحریک انصاف کے نئے سیکرٹری جنرل مقرر کردئیے گئے۔ شفقت محمود پنجاب، پرویزخٹک خیبرپختونخوا، علی زیدی سندھ، قاسم سوری بلوچستان اور خسرو بختیار جنوبی پنجاب کے صدور ہوں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کی پاٹی تنظیم سازی زیادہ دیر تحلیل نہ رہ سکی گزشتہ روز تحلیل کرنے کے فیصلے کو چوبیس گھنٹے بھی نہ گزرے کہ دوبارہ نئی تنظیم سازی سامنے آگئی۔ کئی پرانے اور سینئیر رہنما دوبارہ پارٹی کی تنظیم سازی کا حصہ بن گئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کے بیان کو ابھی چوبیس گھنٹے بھی نہ گزرے تھے کہ آج اچانک ٹویٹ میں نئی تنظیم سازی کا فیصلہ سامنے آگیا۔ نئی تنظیم سازی میں بھی کچھ پرانے اور سینئیر رہنما دوبارہ اہم عہدوں پر فائز ہوگئے، پرویز خٹک، قاسم سوری، عامر کیانی ، شفقت محمود ، علی زیدی دوبارہ اِن جبکہ اسد عمر اور خسرو بختیار پہلی بار پارٹی کی تنظیم سازی میں اہم عہدوں پر فائز ہوگئے۔

خسرو بختیار اس سے قبل مسلم لیگ ق اور ن لیگ میں رہ چکے ہیں جنہیں پارٹی کا جنوبی پنجاب کا صدر بنایا گیا جبکہ اسد عمر پارٹی کے جنرل سیکرٹری بن گئے۔ پرویز خٹک اس سے قبل پارٹی کے جنرل سیکرٹری رہ چکے تاہم بعد میں انھوں نے جہانگیر ترین کے لیے یہ سیٹ چھوڑ دی تھی۔

بلوچستان سے صوبائی صدر بننے والے قاسم سوری پہلے بھی پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر رہ چکے ہیں۔ انکی جگہ یار محمد رند کو یہ عہدہ سونپا گیا تھا جبکہ شفقت محمود اس سے قبل مرکزی سیکرٹری اطلاعات رہ چکے تاہم بعد میں یہ عہدہ فواد چوہدری کو دیا گیا تھا۔

سندھ کی بات کی جائے تو نئے صوبائی صدر علی زیدی اس سے قبل پی ٹی آئی کراچی کی تنظیم میں شامل رہے اب سندھ کے صدر بن گئے۔ عامر محمود کیانی ایک بار پھر تنظیم کا اہم عہدے لے اڑے۔ اب کی بار وہ ایڈیشنل سیکرٹری جنرل بنائے گئے ہیں جبکہ پہلے جنرل سیکرٹری رہ چکے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنماء اسد عمر نے ٹویٹ کیا اہم عہدہ اعزاز بھی ہے اور ذمہ داری بھی ہے۔