Friday, April 26, 2024

تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کا ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان

تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کا ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان
October 27, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد کی بندش روکنے کے لیے ہائی کورٹ کے فیصلے کو ماننے سے انکار کر دیا۔ پی ٹی آئی کے وکلاءکا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلہ یکطرفہ ہے جو ان کا موقف سنے بغیر کیا گیا۔ پی ٹی آئی نے ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا بھی اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں احتجاج کو روکنے سے متعلق عدالتی فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وکیل نعیم بخاری نے کہا یہ فیصلہ نہیں حکم ہے جو ان کی جماعت کے موقف کو سنے بغیرجاری کیا گیا۔ تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کے دوسرے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے بھی نعیم بخاری کے موقف کی تائید کی اور کہا کہ پاکستان کے آئین میں آرٹیکل دس کے مطابق کسی کو سنے بغیر آرڈر پاس نہیں کیا جا سکتا۔ ایسی درخواستیں تو سپریم وکورٹ میں بھی دائر کی گئی ہیں لیکن ہائیکورٹ کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد عمر نے کہا جب بھی حکمرانوں کی کرپشن کی بات آتی ہے فیصلے آنے لگتے ہیں۔ عدالتی فیصلے غریبوں کے لیے کیوں نہیں آتے۔ پی ٹی آئی کے وکلاءنے اسلام آباد کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا بھی ارادہ ظاہر کر دیا لیکن اس کے لیے پہلے باہمی مشاورت کی جائے گی۔