Thursday, March 28, 2024

تحریک انصاف کی حکومت کا اسلام آباد میں نیا کمرشل شہر بنانے کی منصوبہ بندی مکمل

تحریک انصاف کی حکومت کا اسلام آباد میں نیا کمرشل شہر بنانے کی منصوبہ بندی مکمل
March 1, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) تحریک انصاف کی حکومت کے پہلے میگا پراجیکٹ میں اسلام آباد میں نیا کمرشل شہر بنانے کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی۔ نیو بلیو ایریا منصوبے کیلئے ایف 9 پارک کے بالمقابل 170 کنال اراضی مختص کی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان"نیو بلیو ایریا" منصوبے کا جائزہ لینے خود سائیٹ پر پہنچ گئے۔ وزیراعظم نے سائٹ پر انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انہیں نیلامی کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی ۔ وزیر اعظم کو بریفنگ میں کہا گیا کہ منصوبے کے لئے ایف 9 پارک کے بالمقابل 170 کنال اراضی مختص کی گئی ہے ۔ جدید تعمیرات اور ہائی رائز بلڈنگ پر مبنی کمرشل سٹی عالمی طرز پر تعمیر ہوگا ۔ اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کی خصوصی دعوت دی جائے گی ۔ لندن، دبئی، مانچسٹر، شکاگو اور گلاسکو سمیت بڑے شہروں میں روڈ شوز کئے جائیں گے ۔ وفاقی ترقیاتی ادارہ اپریل کے پہلے ہفتے میں کمرشل نیلامی کرے گا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر نیلامی میں حصہ لینے والوں کو سہولت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیراعظم کی ہدایت پر مکمل ایڈوانس ٹیکس دینے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ۔ کامیاب بولی دہندگان کو رقم کی ادائیگی کے لئے 30 دن کا وقت ملے گا۔ اوررسیز پاکستانیوں کو بھی رقم کے انتظام کے لئے مناسب وقت دیا جائے گا ۔ نیو بلیو ایریا کمرشل منصوبے سے ابتدائی طور پر حکومت کو 25 سے 30 ارب روپے ملیں گے ۔ حکومت آمدنی کا کچھ حصہ نیا پاکستان ہاوسنگ پراجیکٹ میں استعمال کرے گی ۔ رقم بے گھر اور غریب افراد کے لئے سستے گھروں کی تعمیر پر خرچ ہو گی ۔ منصوبہ سے روزگار میں اضافہ اور معاشی سرگرمیوں سمیت تعمیراتی انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔