Thursday, April 25, 2024

تحریک انصاف کا کرپشن مخالف تحریک میں وکلاءکو ساتھ ملانے کا فیصلہ

تحریک انصاف کا کرپشن مخالف تحریک میں وکلاءکو ساتھ ملانے کا فیصلہ
May 5, 2016
اسلام آباد (92نیوز) تحریک انصاف نے کرپشن کے خلاف تحریک کو نیا رنگ دینے کا فیصلہ کرلیا۔ عمران خان ملک بھر کی وکلاءتنظیموں کو خط لکھیں گے۔ متفقہ ٹی او آرز بھجوا کر انہیں اپنے ساتھ ملائیں گے۔ کپتان نے پارٹی قیادت کوٹی او آرز پر ڈٹ جانے کا بھی کہہ دیا جبکہ ہر جمعرات کو پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا بھی دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی پولیٹیکل سٹریٹیجی کمیٹی کا اجلاس عمران خان کی صدارت میں بنی گالہ میں ہوا۔ اجلاس میں شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری، نعیم الحق، شفقت محمود‘ عامر کیانی اور دیگر قیادت نے شرکت کی۔ شاہ محمود قریشی نے پاناما لیکس پر اپوزیشن پارٹیوں کے اجلاس کی کارروائی اورمتفقہ ٹی او آرز کے بارے میں بریفنگ دی۔ تحریک انصاف نے کرپشن مخالف تحریک میں وکلاءتنظیموں کو ساتھ ملانے کا فیصلہ کر لیا۔ عمران خان رواں ہفتے وکلاءتنظیموں سے رابطے شروع کریں گے۔ پہلے مرحلے میں سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ بار کے صدور کوخطوط لکھیں گے۔ ساتھ ہی تحصیل اور ضلعی بار ایسوسی ایشنز کو بھی خطوط لکھے جائیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی ملک بھر کی بار ایسوسی ایشنز کومتفقہ ٹی او آرزکی کاپیاں بھی بھیجیں گے۔ دوسرے مرحلے میں وکلاءسے مشاورت اور رائے طلب کی جائے گی۔ کپتان نے سیاسی جماعتوں کی طرح وکلاءسے روابط کی ذمہ داری بھی شاہ محمود کو سونپ دی ہے۔ عمران خان نے متفقہ ٹی او آرزکی تیاری پر کمیٹی کو خراج تحسین پیش کیا اور پارٹی قیادت کو اس معاملے پر ڈٹ جانے کی ہدایت دی۔ کپتان کا موقف تھا کہ پاناما لیکس میں الزامات وزیراعظم پر لگے ہیں اس لیے ٹی او آرز بنانا بھی حکومت کا نہیں اپوزیشن کا کام ہے۔ سٹریٹیجی کمیٹی نے پشاور، بنوں اور فیصل آباد میں جلسوں کی منظوری بھی دے دی اور فیصلہ کیا کہ جلسوں اور احتجاج کا سلسلہ دوسرے شہروں تک پھیلایا جائے گا۔