Monday, September 16, 2024

تحریک انصاف کا پاناما لیکس پر سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانے کا اعلان

تحریک انصاف کا پاناما لیکس پر سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانے کا اعلان
August 16, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے تین ستمبر کو گوجرانوالہ سے لاہور تک پاکستان مارچ کا اعلان کر دیا۔ کہتے ہیں گجرات اور جہلم میں جلسے بھی ہوں گے اور نوازشریف کی نااہلی کے لیے سپریم کورٹ بھی جائیں گے۔ اس سلسلے میں پٹیشن تیار کر لی۔ نوازشریف آف شور کمپنی کے مالک ہیں۔ کچھ بھی ہو جائے پاناما لیکس کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔ تفصیلات کے مطابق بنی گالہ میں پی ٹی آئی کی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کا کہناتھا کہ نوازشریف نے منی لانڈرنگ کے ذریعے قوم کا پیسہ باہر بھجوایا۔ شیمروک کارپوریشن کے اکاﺅنٹ میں ساڑھے تین لاکھ ڈالر موجود ہیں جس کا فائدہ نواز شریف کو ہوا، ان کی نااہلی کے لیے سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔ عمران خان نے 21 اگست کو گجرات اور 28 اگست کو جہلم میں جلسوں کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 3 ستمبر کو پاکستان مارچ کرینگے۔ کپتان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پارلیمنٹ کو مذاق بنا رکھا ہے۔ ایسی اسمبلی کا کیا فائدہ جس میں وزیر اعظم جوابدہ نہ ہو۔ میری شہرت کو چاہے کچھ بھی ہوجائے میں پانامہ لیکس کے معاملے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ بلوچستان کے حوالے سے بھارتی وزیراعظم مودی کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے عمران خان کہتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر دنیا کی خاموشی حیران کن ہے۔ وزیراعظم کو کھل کر مذمتی بیان دینا چاہیے۔