Saturday, April 27, 2024

تحریک انصاف کا پارٹی امور چلانے کیلئے عبوری تنظیمیں بنانے کا فیصلہ

تحریک انصاف کا پارٹی امور چلانے کیلئے عبوری تنظیمیں بنانے کا فیصلہ
May 29, 2016
لاہور (92نیوز) عمران خان دھڑے بندی سے بچنے کیلئے تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات سے پیچھا چھڑوانے میں تو کامیاب ہو گئے لیکن دھڑے بندی نے تحریک انصاف کا پیچھا پھر بھی نہ چھوڑا۔ کپتان اب عہدیدار نامزد کریں گے اور عہدے لینے کیلئے پرانے دھڑوں نے لابنگ شروع کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان نے تحریک انصاف کی تمام تنظیمیں توڑ کر نئے انتخابات کروانے کا اعلان کیا۔ انتخابی سرگرمیاں تیز ہوئیں تو نچلی سطح سے لے کر کپتان کے دائیں اور بائیں جانب کھڑے ہونے والے کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے خلاف لنگوٹ کس لئے۔ شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کے درمیان بیان بازی کا سلسلہ شروع ہوا تو عمران خان نے پاناما لیکس کے بعد پیدا ہونے والی ملکی صورتحال کا بہانہ بنا کر انٹرا پارٹی انتخابات ملتوی کر دیے۔ اب جب مرحلہ آیا پارٹی امور چلانے کیلئے عبوری تنظیمیں بنانے کا تو ایک بار پھر دھڑوں نے سر اٹھانا شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان جون کے وسط تک صوبائی آرگنائزر نامزد کر دیں گے۔ انٹرا پارٹی الیکشن میں بننے والے دھڑوں نے آرگنائزر کا عہدہ حاصل کرنے کیلئے لابنگ تیز کر دی ہے۔ ایک طرف چودھری سرور پنجاب کے آرگنائزر بننے کی تگ و دو کر رہے ہیں تو دوسری طرف شفقت محمود بھی میدان میں سرگرم ہو گئے ہیں۔ رائے عزیزاللہ خاں، علیم خان اور ولید اقبال بھی صوبائی آرگنائزر بننے کے خواہشمند ہیں۔ کھلاڑیوں کی رسہ کشی کی وجہ سے کپتان کو ایک بار پھر اپنی ٹیم بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔