Monday, May 20, 2024

تحریک انصاف کا موجودہ آئین کالعدم قرار، 2015 کا آئین بحال

تحریک انصاف کا موجودہ آئین کالعدم قرار، 2015 کا آئین بحال
December 30, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خا کی زیر صدارت تحریک انصاف کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا، پارٹی کا موجودہ آئین کالعدم قرار دے کر 2015 کا آئین بحال کردیا گیا۔

اجلاس میں وزیرخارجہ و وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور وزیر منصوبہ بندی و مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر سمیت سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی ارکان نے شرکت کی۔ تحریک انصاف کے آئین پر نظرِثانی کیلئے قائم کردہ خصوصی کمیٹی کی پیش کردہ سفارشات پر غور کیا گیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نظرِثانی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں نئی آئینی اسکیم کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں پارٹی کی 24 رکنی سینٹرل کمیٹی کے قیام، پارٹی عہدوں کی مدت 2 سال رکھنے اور نیا الیکشن کمیشن تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

مرکزی سیکرٹری جنرل کی قیادت میں نئے نامزد کردہ ذمہ داران کو نچلی ترین سطح تک تنظیم سازی کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی فوری ہدایت کی گئی۔

اس موقع پر عمران خان نے کہا تحریک انصاف وفاقِ پاکستان کی مقبول اور منظم ترین سیاسی قوت ہے، سیاسی و انتظامی طور پر نچلی ترین سطح تک عوام کو بااختیار بنانے کے ہدف کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی تعمیر و ترقی کے عمل میں سماج کے غریب طبقے کی بہبود پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ صحت کارڈ سے سستے راشن کی اسکیموں تک حکومت فلاحی ریاست کی طرز پر عوامی بہبود پر غیر معمولی وسائل صرف کررہی ہے۔ کارکنان تحریک انصاف کی حکومت کے فلاحی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے عمل میں شرکت کریں۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے تنظیمی ذمہ داران ہر سطح پر خود کو منظم اور آئندہ کے سیاسی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی تیاری کریں۔