Thursday, March 28, 2024

تحریک انصاف کا لندن میں حسین نواز کے گھر کے باہر احتجاجی مظاہرہ

تحریک انصاف کا لندن میں حسین نواز کے گھر کے باہر احتجاجی مظاہرہ
May 26, 2016

لندن (92 نیوز) – لندن میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے وزیراعظم نوازشریف کے بیٹے کے گھر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کی۔ مسلم لیگ نون نے بھی جوابی وار کی ٹھان لی۔ نون لیگ برطانیہ کے صدر نے عمران خان کے بچوں کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کا اعلان کر دیا ۔

لندن، مانچسٹراور برطانیہ کے دیگر شہروں سے پی ٹی آئی کے کارکن وزیراعظم کے بیٹے حسین نواز کے لندن کے گھر کے سامنے جمع ہوئے اور احتجاجی مظاہرہ کیا تاہم وزیراعظم احتجاج سے پہلے ہی وہاں سے جا چکے تھے۔ مظاہرین ڈیڑھ گھنٹہ تک وہاں موجود رہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس ایشو پر نوازشریف استعفیٰ دیں تاکہ غیرجانبدارانہ تحقیقات ہوسکیں۔

مسلم لیگ ن برطانیہ کے صدر زبیر گل نے اتوار کو عمران خان کے بچوں کے گھر کے باہر مظاہرے کا اعلان کر دیا۔

زبیر گل نے لندن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی لندن نے گھروں کے باہر مظاہرے کی غلط روایت ڈالی ہے اسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور مظاہرے کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔

زبیر گل نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاناما پیپرز پر پارلیمانی کمیٹی بننے کے بعد اس قسم کے مظاہرے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ لندن میں میاں نواز شریف کے بچوں کے گھر کے باہر یہ مظاہرہ عمران خان کی خصوصی ہدایت پر ہو رہا ہے