Tuesday, May 21, 2024

تحریک انصاف کا ضمنی انتخاب میں عدم دلچسپی دکھانے والے رہنماﺅں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

تحریک انصاف کا ضمنی انتخاب میں عدم دلچسپی دکھانے والے رہنماﺅں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
October 15, 2015
لاہور (92نیوز) تحریک انصاف نے لاہور کے ضمنی انتخاب میں دلچسپی نہ لینے والے رہنماوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔ عمران خان کو بعض ارکان اور عہدیداروں کے ناموں سے بھی آگاہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی ہائی کمان نے این اے ایک سو بائیس کی انتخابی مہم میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرنیوالے پارٹی رہنماوں اور دیگر عہدیداروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔ پارٹی نے انتخابی مہم میں حصہ نہ لینے والے اراکین اسمبلی اور لاہور کے ٹکٹ ہولڈرز کے متعلق رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ پارٹی کے سربراہ عمران خان نے پنجاب کی تنظیم کو غفلت کے مرتکب رہنماوں کیخلاف کارروائی کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ چیئرمین کو ابتدائی رپورٹ بھی پیش کر دی گئی ہے جبکہ بعض ارکان اسمبلی اور عہدیداروں کے ناموں سے بھی آگاہ کر دیا گیا۔ لاہور کے ضمنی الیکشن میں پنجاب کے تمام پارٹی عہدیداروں اور اراکین اسمبلی کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی ہدایت کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق لاہور کے بعض ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی عہدیداروں نے بھی علیم خان کی مہم میں حصہ نہیں لیا۔ تنظیم کی کارکردگی بھی مایوس کن رہی جبکہ خواتین لیڈر شپ بھی فعال کردار ادا نہ کر سکی۔