Sunday, September 8, 2024

تحریک انصاف والے خیرات بھی مانگتے ہیں مگر بدمعاشی سے : مولانا فضل الرحمن کی پی ٹی آئی پر سخت تنقید

تحریک انصاف والے خیرات بھی مانگتے ہیں مگر بدمعاشی سے : مولانا فضل الرحمن کی پی ٹی آئی پر سخت تنقید
August 5, 2015
اسلام آباد (92نیوز) عمران خان کی طرف سے سخت تنقید کے بعد مولانا فضل الرحمن بھی میدان میں اتر آئے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران کپتان کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ فضل الرحمن نے کہا کہ تحریک انصاف والے خیرات بھی مانگتے ہیں مگر بدمعاشی کے ساتھ۔ پارلیمنٹ کے خلاف نازیبا الفاظ بولے گئے۔ سپیکر ارکان کی بھی عزت کی لاج رکھ لیں۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے فورم پر مولانا فضل الرحمن عمران خان پر خوب گرجے برسے۔ جذباتی تقریر میں کہہ گئے کہ تحریک انصاف والے خیرات بھی مانگتے ہیں مگر وہ بھی بدمعاشی سے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پارلیمنٹ کے خلاف سخت زبان استعمال کی گئی، ارکان کی تذلیل کی گئی، اسمبلی کو جعلی قرار دیا گیا، سپیکر مفاہمت کی بات کرتے ہیں، ارکان کی عزت کی بھی لاج رکھ لیں۔ جے یو آئی کے امیر نے کہا کہ مفاہمت کا لفظ اچھا لگتا ہے مگر دوسرے فریق کو بھی کچھ خیال ہونا چاہیے۔ پارلیمنٹ کے خلاف بولنے والے آج کس منہ سے سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری طاقتوں نے دھرنا لپیٹ دیا یہی حقیقی فتح تھی۔