Friday, May 17, 2024

تحریک انصاف نے کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے، بلاول بھٹو

تحریک انصاف نے کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے، بلاول بھٹو
February 27, 2021

کوہاٹ (92 نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا، تحریک انصاف نے کرپشن کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔

کوہاٹ کے علاقے بابری بانڈہ میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا، پی ٹی آئی نے کرپشن کیخلاف نعرے لگائے، ان کے دور میں کرپشن میں کمی نہیں اضافہ ہوا ہے۔ بی آر ٹی سب سے مہنگا اور نا مکمل میٹرو کا منصوبہ ہے، بلین ٹری اور علیمہ بی بی کی سلائی مشین میں کرپشن ہے، غرض جگہ جگہ کرپشن ہے۔

اُن کا کہنا تھا سلیکٹڈ حکمرانوں میں صلاحیت نہیں وہ ملک اور معیشت کو چلا سکیں، ہم افغانستان اور بنگلہ دیش میں بھی معاشی گروتھ ریٹ میں پیچھے ہیں۔ کہا، ہم ایسی عوامی حکومت بنائیں گے جو غریب کا خیال رکھے، ملک کو معاشی بحران سے نکالیں گے۔

بلاول بھٹو بولے کہ پی ڈی ایم سینیٹ الیکشن میں بھی حکومت کو ٹف ٹائم دے گی، یوسف رضا گیلانی کو جب سے امیدوار نامزد کیا ہے حکومت بہت ہی پریشان ہے۔ پہلی مرتبہ حکومت کو مجبور کردیا ہے وہ اپنے ہی ارکان اور اتحادیوں سے بات کرے۔ انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا، حکومتی ارکان اسمبلی اور اتحادی ہم سے بھی رابطے میں ہیں۔

اُنہوں نے سینیٹ الیکشن کے بعد لانگ مارچ کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کیلئے عوام تیاری کریں۔