Thursday, April 25, 2024

تحریک انصاف نے قائم علی شاہ، شرجیل میمن، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور کے الیکٹرک کیخلاف عدالت سے رجوع کر لیا

تحریک انصاف نے قائم علی شاہ، شرجیل میمن، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور کے الیکٹرک کیخلاف عدالت سے رجوع کر لیا
June 30, 2015
کراچی (92نیوز) کراچی میں گرمی سے ہونے والی سینکڑوں اموات پر تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے حکومت سندھ کےخلاف مقدمہ درج کرانے کیلئے کراچی کی عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے۔ مقدمے میں قائم علی شاہ، شرجیل میمن، جام مہتاب، ایڈ منسٹریٹر کراچی اور کے الیکٹرک کو فریق بنایا گیا ہے۔ تحریک انصاف نے کراچی میں ہیٹ اسٹروک سے اموات کا مقدمہ حکومت کےخلاف درج نہ کرنے پر عدالت سے رجوع کر لیا جس میں صرف حکومت سندھ کو فریق بنایا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنماعمران اسماعیل نے درخواست میں موقف اپنایاکہ کراچی میں ایک ہفتے کے دوران دوہزار سے زائد اموات ہوئیں، بجلی کی لوڈشیڈنگ، پانی کی قلت اورحکومتی غفلت کے باعث مرنےوالوں کی تعدادمیں اضافہ ہوا۔ درخواست میں استدعاکی گئی کہ گرمی کی شدت سے ہونےوالی اموات کامقدمہ وزیراعلیٰ سندھ، وزیراطلاعات، وزیرصحت، ایڈمنسٹریٹرکراچی، چیئرمین پی ڈی ایم اے و دیگر کےخلاف درج کیاجائے۔ ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج ساو¿تھ احمد صبا نے نوٹس جاری کرتے ہوئے دو جولائی کو ایس ایچ او سول لائنز سے جواب طلب کر لیا ہے۔ تحریک انصاف کے وکیل جاویدمیر نے کہا کہ حکومت شہریوں کوتمام سہولیات فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے، حکومتی غفلت کے باعث ہلاکتیں ہوئیں۔ واضح رہے کہ سول لائنزپولیس نے 27جون کوحکومت سندھ کےخلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا تھا۔