Thursday, April 25, 2024

تحریک انصاف نے عمران خان کی شادی کی خبر کی تردید کر دی

تحریک انصاف نے عمران خان کی شادی کی خبر کی تردید کر دی
January 7, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) تحریک انصاف نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے عمران خان کی شادی کی خبر کی تردید کر دی۔
کپتان کی شادی کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیلی جس پر تحریک انصاف کو وضاحتی بیان جاری کرنا پڑ گیا۔
ترجمان عمران خان نے شادی کی خبر کی تردید کرتے ہوئے اسے قیاس آرائی پر مبنی اور افسوسناک قرار دے دیا۔
تحریک انصاف کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ترجمان عمران خان نے کہا کہ عمران خان نے بشریٰ مانیکا کو شادی کی پیشکش کی لیکن انہوں نے بچوں اور خاندان سے مشاورت کے لئے وقت مانگا ہے۔
ترجمان عمران خان کے مطابق بشریٰ مانیکا ایک گھریلو خاتون ہیں۔ خبر سے دونوں خاندانوں کو تکلیف پہنچائی گئی۔ قیاس آرائیوں پر مبنی خبر افسوسناک ہے۔ عمران خان کی نجی زندگی کے بارے میں اس طرح کی خبر نہایت بد قسمتی ہے۔
ترجمان عمران خان نے کہا کہ خبر میں ایک ایسی خاتون کو بھی گھسیٹا گیا جو کسی طور عوامی نہیں۔ انتہائی حساس اور نجی معاملے کو غلط اور حقائق کے بر عکس موضوع سخن بنانا افسوسناک ہے۔ غیر ذمہ دارانہ حرکت سے عمران خان اور بشریٰ مانیکا کے بچوں پر انتہائی ناروا دباؤ آیا۔
ترجمان عمران خان نے کہا کہ نکاح کی تجویز قبول ہونے اور عمران خان کے باضابطہ اعلان تک میڈیا دونوں خاندانوں کے نجی معاملات کا احترام کرے اور قیاس آرائیوں پر مبنی خبریں نشر کرنے سے بھی گریز کیا جائے۔