Friday, April 26, 2024

تحریک انصاف نے رائیونڈ مارچ کیلئے روٹ پلان فائنل کر لیا

تحریک انصاف نے رائیونڈ مارچ کیلئے روٹ پلان فائنل کر لیا
September 20, 2016
لاہور (92نیوز) تحریک انصاف نے رائیونڈ جلسے کے لیے اڈا پلاٹ سے ٹھوکر نیاز بیگ کے روٹ کو جلسہ گاہ کے رنگ میں رنگنے کا فیصلہ کر لیا ۔ پورے روٹ پر بینرز‘ فلیکسز‘ پوسٹرز‘ کپتان کی تصاویر والی ہورڈنگ لگائی جائیں گی۔ انٹری پوائنٹس بھی طے کر لیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ مارچ کے لیے تحریک انصاف نے تیاریاں شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے اڈہ پلاٹ سے ٹھوکر نیاز بیگ کے روٹ کو جلسہ گاہ کے رنگ میں رنگنے کے لیے بینرز‘ فلیکسز‘ پوسٹرز اور کپتان کی تصاویر کی ہورڈنگ لگائی جائیں گی۔ تیس ستمبر کو ہونے والے جلسے کے حوالے سے پی ٹی آئی نے روٹ پلان بھی ترتیب دے دیا ہے جس کے مطابق رائے ونڈ مارچ میں شرکت کے لیے آنے والے قافلوں کا پہلا انٹری پوائنٹ قزلباش چوک ہو گا جبکہ بھوبتیاں چوک‘ گجومتہ‘ کاہنہ فلائی اوور‘ ڈیفنس روڈ سے بھی قافلے پہنچیں گے۔ اسی طرح ٹھوکر نیاز بیگ اور کالاشاہ کاکو موٹروے سے آنے والی ٹریفک کا داخلی راستہ قزلباش چوک ہو گا جبکہ جی ٹی روڈ کے ذریعے آنے والے قافلے بھی کالا شاہ کاکو سے قزلباش چوک پہنچیں گے۔ ملتان روڈ سے آنے والے قافلے بھوبھتیاں چوک سے رائے ونڈ روڈ پہنچیں گے جبکہ فیروز پور روڑ کو بھی مارچ کے لیے استعمال کیا جائے گا جبکہ قصور سے آنے والے قافلے نیو رنگ روڑسے ہو کر ڈیفنس روڈ کی جانب سے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔