Sunday, September 8, 2024

تحریک انصاف نے حلقہ این اے 122، 125 اور 154 سے ضمنی انتخابات لڑنے کا فیصلہ کر لیا

تحریک انصاف نے حلقہ این اے 122، 125 اور 154 سے ضمنی انتخابات لڑنے کا فیصلہ کر لیا
August 28, 2015
اسلام آباد (92نیوز) تحریک انصاف نے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے اور حلقہ این اے 122، این اے 125 اور این اے 154 سے ضمنی انتخابات میں ن لیگ کے مدمقابل آنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس بات کا باقاعدہ اعلان عمران خان کل شام لاہورمیں کریں گے۔ پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کے خلاف تحریک بھی جاری رکھے گی۔ تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے عمران خان نے پارٹی کی مرکزی قیادت کااہم اجلاس 29 اگست کی سہ پہر تین بجے لاہور میں طلب کیا ہے۔ پی ٹی آئی کی قیادت نے الیکشن لڑنے کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن کے خلاف تحریک بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کی طرف سے پہلے مرحلے میں حلقہ این اے 122 اور حلقہ 154 میں الیکشن کی تیاریاں کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے جبکہ حلقہ 125 کے حوالے سے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق حلقہ این اے 154 میں جہانگیر ترین الیکشن لڑیں گے جبکہ لاہور کے حلقہ این اے 122 میں ایاز صادق کے مدمقابل تحریک انصاف کے تین امیدوار سامنے آگئے ہیں۔ پی ٹی آئی نے اعجازچودھری، علیم خان اور ڈاکٹر یاسمین راشد کے ناموں پر غور شروع کردیا ہے۔ عمران خان نے اعجاز چوہدری کو آج شام چار بجے بنی گالہ طلب بھی کرلیا ہے۔