Sunday, September 8, 2024

تحریک انصاف نے این اے 120میں ضمنی انتخاب کی مانیٹرنگ کے لئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنا دی

تحریک انصاف نے این اے 120میں ضمنی انتخاب کی مانیٹرنگ کے لئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنا دی
September 16, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) کوئی گڑبڑ ہو نہ ہی نتائج میں ہیر پھیر۔ تحریک انصاف نے این اے 120میں ضمنی انتخاب کی مانیٹرنگ کے لئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنا دی۔ علیم خان کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی ہر مشکوک عمل پر نظر رکھے گی۔ شکایت پر فوری الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا جائیگا۔

تحریک انصاف نے حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے علیم خان کی سربراہی میں مانیٹرنگ کمیٹی قائم کردی۔ کمیٹی حلقے میں تمام پولنگ سٹیشنز کی انفرادی مانیٹرنگ کرے گی۔ پولنگ عمل کی رفتار، عملے کے رویے اور نتائج کی تیاری پر گہری نظر رکھے گی۔ کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کی صدارت اجلاس میں ہوا۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی کسی قسم کی ہنگامہ آرائی پر فوری ردعمل کا اظہار کرے گی۔ اس سلسلے میں خصوصی میڈیا سیل کمیٹی کی معاونت کرے گا۔ کمیٹی نے کلثوم نواز کی مہم میں شامل افراد کے کوائف لیگی سپورٹرز اور پولنگ ایجنٹس کا مکمل ڈیٹا بھی حاصل کرلیا ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے پولنگ ایجنٹس مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع کمیٹی کو بھجوائیں گے۔ کسی بھی پولنگ سٹیشن پر گڑبڑ کی صورت میں الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا جائے گا۔ مشکوک سرگرمی میں ملوث پولنگ ایجنٹس کیخلاف براہ راست مقدمہ درج کرایا جائے گا۔