Saturday, April 27, 2024

حکومت ملنے پر پی ٹی آئی کاابتدائی 100دن کا پلان سامنے آ گیا

حکومت ملنے پر پی ٹی آئی کاابتدائی  100دن کا پلان سامنے آ گیا
May 20, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز ) پاکستان تحریک انصاف نے حکومت میں آنےپر  100 دنوں کے ایجنڈے کا اعلان کردیا ،اسد عمر نے معاشی پلان پیش کیااور کہا کہ ملک میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر اورایک کروڑ نئی نوکریاں پیدا کی جائیں گی  جبکہ ٹیکس نیٹ میں بھی اضافہ  کریں گے۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت درآمدات کم اور  برآمدات بڑھائے گی  ،پانچ برسوں میں ایک کروڑ نئی نوکریاں پیدا کریں گے،دو سال سے بند اسٹیل مل پر توجہ دی جائے گی ، وزیراعظم ہاؤسنگ اسکیم پروگرام لانچ کیا جائے گا، ایف بی آر اصلاحات کی جائیں گی  ، قابل شخص کو ایف بی آر چیئرمین لگایا جائےگا۔ تحریک انصاف کےپلان کے مطابق ”صحت انصاف کارڈ “کو پورے ملک میں موجود خاندانوں تک توسیع دی جائے گی ، انکم سپورٹ پروگرام کو 6 کروڑپاکستانیوں تک توسیع دی جائے گی۔ پی ٹی آئی کے مطابق پارٹی  حکومت میں آتے ہی زرعی ایمرجنسی کا اعلان کرے گی ، کاشتکاروں کو قرض دینے کیلئے  ون ونڈو لون کو پورے پاکستان میں لانچ کیا جائے گا۔  پانی کو بچانے کے لیے ڈیم بنائے جائیں گے۔ خواتین کی ترقی اور بہبود  کے لئے ”کریمنل جسٹس ریفارمز“کا آغاز کیا جائے گا۔ شہریوں کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے  بھی تحریک انصاف  کے پلان کا حصہ ہیں صوبائی دارالحکومتوں  میں ”اربن ٹری سونامی پروگرامز “شروع کرنے کا بھی اعلان کیا گیاہے۔