Friday, April 19, 2024

تحریک انصاف میں پارٹی انتخابات کی وجہ سے بدترین تقسیم ہوئی : چودھری سرور

تحریک انصاف میں پارٹی انتخابات کی وجہ سے بدترین تقسیم ہوئی : چودھری سرور
May 31, 2016
لاہور (92نیوز) تحریک انصاف کے رہنما سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ سینئر رہنماوں کے باہمی اختلافات انٹراپارٹی انتخابات کی ناکامی کا سبب بنے۔ کسی ایسے عہدے کے حق میں نہیں جو پارٹی میں اختلافات کا سبب بنے۔ مجھے صدارت سے زیادہ پارٹی کا مفاد عزیز ہے۔ میری تجویز ہے کہ پنجاب کی تنظیم کو چار حصوں میں تقسیم کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق نائنٹی ٹو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انٹراپارٹی انتخابات میں تحریک انصاف پنجاب کے صدارتی امیدوار چودھری سرور نے کہا کہ انٹرا پارٹی انتخابات کے دوران اختلافات کی وجہ سے پارٹی میں بدترین تقسیم ہو چکی ہے۔ اب پنجاب میں پارٹی کو چار ریجنز میں تقسیم کیا جائے۔ چودھری سرور نے کہا کہ انٹرا پارٹی انتخابات ایک اچھی خواہش تھی لیکن یہ عمل پاکستانیوں کے مزاج کے برعکس تھا اس لیے اسے بدلنے میں وقت لگے گا۔ سینئر کے بجائے اب نئی نسل کو آگے لاکر قیادت سونپی جائے۔ چودھری سرور کا کہنا تھا کہ آئندہ چند روز میں تحریک انصاف کی سینٹرل کور کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں وہ پنجاب کی تنظیم کو چار ریجنز میں تقسیم کرنے اور سینئر رہنماﺅں کے بجائے نوجوانوں کو عہدے دینے کی تجویز عمران خان کے سامنے رکھیں گے۔