Friday, April 26, 2024

تحریک انصاف سندھ کا کلیم امام کا تبادلہ رکوانے کے لیے عدالت سے رجوع کا اعلان

تحریک انصاف سندھ کا کلیم امام کا تبادلہ رکوانے کے لیے عدالت سے رجوع کا اعلان
January 15, 2020

 کراچی (92 نیوز) تحریک انصاف سندھ نے کلیم امام کا تبادلہ رکوانے کے لیے عدالت سے رجوع کا اعلان کر دیا۔

فردوس شمیم نقوی نے کہا ہمیں سندھ حکومت کی نیت پر ہمیشہ سے شک تھا۔ آئی جی سندھ کا کسی صورت تبادلہ نہیں ہونے دیں گے جبکہ وزیر اطلاعات سعید غنی نے میڈیا کو بریفنگ میں کہا کلیم امام کے دور میں اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوا۔ وہ رولز کی خلاف ورزی کرتے رہے، غیر معمولی بیانات دیئے۔ پولیس کا محکمہ براہ راست سفارت خانوں اور وفاقی حکومت کو خطوط لکھتا رہا۔

دوسری طرف گورنر عمران اسماعیل اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ٹیلفونک رابطہ ہوا۔ عمران اسماعیل نے کلیم امام کو ہٹانے کے فیصلے پر تحفظات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ معاملہ انتظامی نہیں سیاسی ہے۔

اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی اور حلیم عادل شیخ نے بھی سندھ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ فردوس شمیم نقوی نے صوبائی وزیر کو منشی سعید کا نام دیا اور انگریزی کمزور ہونے کا طعنہ بھی دے دیا۔ حلیم عادل بولے سندھ حکومت پولیس کو آنٹی کرپشن بنانا چاہتی ہے۔

تحریک انصاف نے آئی جی کلیم امام کو ہٹانے پر عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاق نے جوابی اقدام کے طور پر چیف سیکریٹری سندھ ممتاز شاہ کو بھی ہٹانے پر غور شروع کر دیا ہے

 ادھر اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے سعید غنی کو ’منشی‘قرار دے دیا اور کہا سندھ حکومت پولیس کو گھر کی لونڈی بنانا چاہتے ہیں۔ یہ سب کچھ بلدیاتی الیکشن کیلئے ہو رہا ہے۔

سندھ اور وفاق میں اختیارات کی حالیہ رسہ کشی کیا رنگ اختیار کرتی ہے۔ صورتحال وزیراعظم اور گورنر سندھ کی ملاقات کے بعد واضح ہو جائے گی۔

 وزیراعظم نے گورنر عمران اسماعیل کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔ دونوں رہنما کل اسلام آباد میں ملاقات کرینگے اور حالیہ صورتحال پر اہم فیصلے ہونگے۔