Saturday, April 27, 2024

تحریک انصاف آزاد کشمیر کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ، آزاد کشمیر کی مخصوص نشستوں پر مشاورت

تحریک انصاف آزاد کشمیر کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ، آزاد کشمیر کی مخصوص نشستوں پر مشاورت
August 1, 2021 ویب ڈیسک

اسام آباد (92 نیوز) تحریک انصاف آزاد کشمیر کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آزاد کشمیر کی مخصوص نشستوں پر مشاورت کی گئی۔

تحریک انصاف آزاد کشمیر کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس وزرات امور کشمیر اسلام آباد میں ہوا۔ چیف آرگنائزر پی ٹی آئی سیف اللہ خان نیازی، وفاقی وزیر علی آمین گنڈا پور ، سردار تنویر الیاس ، بیرسٹر سلطان محمود سمیت نومنتخب ممبران اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں خواتین کی مخصوص نشستوں سمیت آزاد کشمیر میں حکومت سازی پر مشاورت کی گئی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی آمین گنڈا پور نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات جیتنے کا سہرا عمران خان کو جاتا ہے۔ مخصوص نشستوں پر انتخاب کل ہو گا جس کے بعد حکومت سازی مکمل کی جائے گی ۔

نو منتخب ممبر اسمبلی آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ مرکزی قیادت یقیناً کسی فیصلے پر پہنچ چکی ہے ، جلد وزیر اعظم اور صدر آزاد کشمیر کا اعلان کیا جائے گا۔ آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے کے پروپیگنڈے میں کوئی صداقت نہیں۔ آزاد کشمیر پاکستان کی ریاست ہے اور رہے گی۔ راجا فاروق حیدر نے 13 ویں اور 14 ویں ترمیم کے حوالے سے کیا کھویا کیا پایا جلد سب کچھ سامنے لائیں گے۔

نومنتخب ممبران اسمبلی بیرسٹر سلطان محمود اور خواجہ فاروق نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کا فیصلہ عمران خان کا ہوگا جو سب کو قابل قبول ہے۔ پارٹی میں کوئی دھڑے بندی نہیں ہے ، عوام دیکھیں گے ہم تین ماہ میں آزاد کشمیر کو ترقی کی طرف گامزن کریں گے۔