Thursday, May 2, 2024

تحریک انصاف آج سے باقاعدہ انتخابی مہم شروع کرے گی

تحریک انصاف آج سے باقاعدہ انتخابی مہم شروع کرے گی
June 24, 2018
میانوالی (92 نیوز) ٹکٹوں کی تقسیم کے بعد انتخابی مہم کا مرحلہ آ گیا۔ سیاسی جماعتیں اب ووٹ حاصل کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گی۔ تحریک انصاف آج سے باقاعدہ انتخابی مہم شروع کرے گی۔ تحریک انصاف نے آج کی مہم کے لئے ہوم گراؤنڈ میانوالی کا انتخاب کیا ہے۔  کپتان آج اپنے آبائی علاقے میانوالی میں جلسے سے خطاب کر کے انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کریں گے جس کے لئے ہاکی اسٹیڈیم میں پنڈال سجایا جا رہا ہے۔ کپتان دھواں دار تقریر سے کھلاڑیوں کا لہو گرمائیں گے ، ساتھ ساتھ ڈی جے میوزک کا تڑکا بھی لگائیں گے اور مقررین پارٹی کا منشور بتائیں گے ۔ عوام سے انتخابی عہد وپیمان بھی ہوں گے۔ دوسری طرف مسلم لیگ (ن) انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کل سے شہر قائد سے کرے گی۔ پارٹی کے صدر شہباز شریف کراچی کے دو روزہ دورے کے دوران اہم سیاسی سرگرمیوں کے علاوہ عوامی جلسے سے بھی خطاب کریں گے۔ پیپلزپارٹی سمیت دیگر تمام سیاسی جماعتوں نے بھی اپنی اپنی انتخابی مہمات شروع کر دی ہیں تاہم کون کہاں سے معرکہ مارے گا یہ تو وقت ہی بتائے گا ۔