Tuesday, April 23, 2024

تحریک انصاف 280 نشستوں کیساتھ سرفہرست، آزاد امیدوار173 نشستیں حاصل کر کے دوسرے نمبر رہے: خیبرپختونخوا بلدیاتی الیکشن پر 92نیوز کی تفصیلی رپورٹ

تحریک انصاف 280 نشستوں کیساتھ سرفہرست، آزاد امیدوار173 نشستیں حاصل کر کے دوسرے نمبر رہے: خیبرپختونخوا بلدیاتی الیکشن پر 92نیوز کی تفصیلی رپورٹ
June 1, 2015
پشاور (92نیوز) خیبرپختونخوا کے عوام نے بلدیاتی انتخابات میں بھی تحریک انصاف پر اعتماد کا اظہا ر کیا ہے۔ غیرسرکاری نتائج میں پی ٹی آئی 280 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ آزاد امیدواروں کو 173، جمعیت علمائے اسلام (ف) 117، اے این پی 104، مسلم لیگ (ن) 93، جماعت اسلامی 74 اور پیپلزپارٹی کو 44سیٹوں پر کامیابی ملی ہے۔ خیبرپختو نخوا کے مرکزی اضلاع میں تحریک انصاف اور بالائی اضلاع میں جماعت اسلامی کی مقبولیت برقرار ہے جبکہ جنوبی اور مشرقی اضلاع میں پی ٹی آئی کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے ۔ صوبے کے بیشتر اضلاع میں تحریک انصاف حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ چکی ہے۔ پشاورشہرمیں تحریک انصاف کی مقبولیت برقرار ہے، پی ٹی آئی نے صوبائی دارالحکومت میں 43نشستیں جیتی ہیں۔ ضلع کونسل ڈیرہ اسماعیل خان میں تحریک انصاف چھا گئی، اسے یہاں 17نشستوں پر کامیابی ملی جبکہ پندرہ آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔ ہنگو کے سیاسی دنگل میں جے یو آئی (ف) اور پی ٹی آئی کو بالترتیب سات اور چار نشستیں ملیں۔ ضلع کرک کی اکیس نشستوں پر کوئی جماعت نمایاں کامیابی حاصل نہیں کرسکی، جمعیت علمائے اسلام ف کو پانچ جبکہ پی ٹی آئی تین نشستوں پر کامیا ب رہی۔ لکی مروت میں جے یو آئی ف حکومت سازی کی پوزیشن میں ہے، وہ 33رکنی ضلع کونسل میں سے 17سیٹیں جیت چکی ہے ۔ نوشہرہ میں تحریک انصاف بارہ نشستوں کے ساتھ آگے ہے، اے این پی چار نشستوں پر کامیاب ہوئی۔ صوابی کی 56 میں سے 19 نشستوں پر اے این پی کامیاب رہی، تور غر میں عوامی نیشنل پارٹی کو پانچ نشستیں ملیں۔ مردان میں اے این پی مضبوط جماعت تھی تاہم یہاں تحریک انصاف نے سیاسی نقب لگائی، دونوں جماعتوں نے یہاں سے اکیس، اکیس سیٹیں جیتی ہیں۔ دیر کے عوام نے ایک با رپھر جماعت اسلامی پر مہر ثبت کردی، لوئر دیر کا معرکہ جماعت اسلا می نے سر کر لیا، اسے 23 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی، دیربالا میں جماعت اسلامی اکیس نشستیں لینے میں کامیاب ہوئی۔ سوات پر مسلم لیگ ن کی گرفت مضبوط ہے، ضلع کی 67 نشستوں میں سے 21 پر نون لیگ کامیاب ہوئی۔ ایبٹ آبا دمیں پی ٹی آئی اور نون لیگ میں سخت مقابلہ ہوا۔ تحریک انصاف اٹھارہ جبکہ مسلم لیگ ن سترہ نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی۔ مانسہر ہ میں عوام نے آزاد امیدواروں پر زیادہ اعتماد کیا اور 23سیٹیں ان کے نام کیں۔ اس ضلع میں مسلم لیگ ن کی انیس اور تحریک انصاف آٹھ سیٹیں لے سکی ہے۔ مالاکنڈ ضلع کونسل کےلئے تحریک انصاف نو نشستوں پر کامیاب ہوئی جبکہ آزاد نو ارکان کی مدد سے وہ یہاں حکومت بنا سکتی ہے۔ بٹگرام کا سیاسی میدان حکمران جماعت پی ٹی آئی کے نام رہا، اسے دس جبکہ جے یو آئی ف صرف چھ نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی۔