Thursday, March 28, 2024

تجاوزات کے خلاف آپریشن آج روک دیا تو کل پھر قبضے ہو جائیں گے ، چیف جسٹس

تجاوزات کے خلاف آپریشن آج روک دیا تو کل پھر قبضے ہو جائیں گے ، چیف جسٹس
December 11, 2018
کراچی (92 نیوز) سپریم کورٹ نے کراچی میں تجاوزات کیخلاف کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔ چیف جسٹس نے میئر کراچی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کو مکمل سپورٹ کریں گے ۔ اگر آج آپریشن روکا تو آئندہ نہیں ہوسکے گا ۔ چیف جسٹس نے دو ٹوک کہہ دیا کہ غیرقانونی تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں ۔ آپریشن جاری رہے گا۔ ریمارکس میں کہا کہ میئر کراچی سیاسی کیریئر داؤ پر لگا کر کام کر رہے ہیں لیکن سندھ حکومت کو میئر کی کارکردگی کا احساس نہیں۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا سپریم کورٹ نے امن و امان کی صورتحال کیسے خراب کرا دی۔ وفاقی حکومت کے کوارٹرز خالی کرانے کے حکم پر ہنگامے شروع ہو گئے۔ کیا قبضہ مافیا کو ہنگاموں پر چھوڑ دیں۔ اگر آج روک دیا تو پھر قبضے ہو جائیں گے۔ میئر کراچی نے کہا کہ گھروں کو گرانے کا اختیار نہیں اور آپریشن روکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ میئر وسیم اختر کا کہنا تھا شہر کے تمام پارکس اور نالے کلیئر کروائے جائیں گے۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا میئر کراچی بہت تیزی سے تجاوزات گرا رہے ہیں ۔ آپریشن 4 ہفتے کیلئے روکا جائے۔ چیف جسٹس نے کہا کیا یہ ہے سندھ حکومت کی اپروچ ۔ کیا سندھ حکومت قبضوں کو قانونی تحفظ دینے کا کہنا چاہتی ہے ؟۔