Thursday, May 2, 2024

تجاوزات کیس ، سپریم کورٹ نے میئر اسلام آباد ، چیئرمین این ایچ اے کو طلب کر لیا

تجاوزات کیس ، سپریم کورٹ نے میئر اسلام آباد ، چیئرمین این ایچ اے کو طلب کر لیا
May 17, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد میں تجاوزات کیس میں سپریم کورٹ نے میئر اسلام آباد اور چیئرمین این ایچ اے کو طلب کرلیا۔ قائم مقام چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالتی استفسار پر چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ سنٹورس مال سے سروس روڈز کو واگرزار کرا لیا۔ بلیوایریا سمیت شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کر رہے ہیں۔ شہر کو جلد تجاوزات سے پاک کر دیا جائے گا۔ قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ ابھی چل کر دیکھ لیتے ہیں کتنی تجاوزات ختم ہوئیں۔ کشمیر ہائی وے اور ایکسپریس وے کا برا حال ہے۔ بڑی شاہراہوں پر پیدل چلنے والوں کے لیے اوورہیڈ برج نہیں۔ سڑکوں پرلگے ریفلیکٹر بھی خراب ہیں۔ اسلام آباد کی کسی بڑی سڑک پر یوٹرن نہیں ہونے چاہیئں۔ سڑکیں بند نظرنہ آئیں۔ قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ بہارہ کہو سے مری جانا محال ہو چکا۔ ایمبیسی روڈ کی گرین بیلٹ پر بھی قبضہ ہے۔ اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت کیوں نہیں؟۔ ججزکالونی آنے والوں کو میلوں دور اتر کر پیدل آنا پڑتا ہے۔ لوگ دفاتر سے پیدل گھر جاتے ہیں۔ عدالت نے اسلام آباد کی سڑکوں اور ہائی ویز پر تجاوزات کےخلاف اقدامات سے متعلق آگاہ کرنے کیلئے چیئرمین این ایچ اے اور میئراسلام آباد کو طلب کرتے ہوئے سماعت 2 ہفتے کےلیے ملتوی کر دی۔