Sunday, May 12, 2024

تبدیلی سرکار نے عوام کو دکھوں کے سوا کچھ نہیں دیا ، شہباز شریف

تبدیلی سرکار نے عوام کو دکھوں کے سوا کچھ نہیں دیا ، شہباز شریف
August 24, 2020
 لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا تبدیلی سرکار نے عوام کو دکھوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ شہباز شریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا بجلی، آٹا، پٹرول اور دوائیں مہنگی ، اسپتالوں میں مفت ادویات بند ہو گئیں۔ بدترین لوڈشیڈنگ شروع اور جی ڈی پی منفی میں چلی گئی۔ حکومت نے دو سال میں اتنا قرضہ لیا، جتنا نواز شریف کے تین ادوار میں لیا گیا۔ موجودہ حکمران آج بھی کنٹینر پر چڑھے ہوئے ہیں۔ تبدیلی سرکار نے دکھوں اور تکلیفوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ کوشش بھی کریں تو کوئی ایسی چیز نہیں ملتی جس کی پذیرائی کی جاسکے۔ اس حکومت نے غریب کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا موجودہ حکومت کی کارکردگی کا موازنہ جب ہم نوازشریف کی حکومت سے کرتے ہیں تو کہنا پڑتا ہے جو تاریخی منصوبے نواز دور میں ہوئے 72 سال میں اس کی نظیر نہیں ملتی۔ اس حکومت نے سی پیک کا مذاق اڑایا، اسمبلی کے فلور پر منصوبے پر الزامات لگائے گئے۔ اس حکومت کے حواری الٹے ہو گئے لیکن ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے۔ شہباز شریف بولے آج چینی کی قیمت 100 روپے سے اوپر جا چکی ہے۔ پہلے لاکھوں ٹن چینی ایکسپورٹ کی گئی، اب امپورٹ کی جارہی ہے۔ کاشتکار کو سزا ملی اور ایکسپورٹرز کی جیبوں میں اربوں روپے چلے گئے۔ گندم کی کٹائی کا سیزن ابھی ختم نہیں ہوا اور گندم ختم بھی ہو گئی۔ حکومتی وزیرخود کہہ رہے ہیں 66 لاکھ ٹن گندم اکٹھی کی لیکن وہ گئی کہاں۔ لوگ آج آٹے اور گندم کو ترس رہے ہیں، قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ اپوزیشن لیڈر کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کورونا کے آنے سے پہلے ہی لاکھوں لوگ بیروزگار ہو چکے تھے۔ کورونا کے بعد اب لاکھوں لوگ بیروزگار ہونے جارہے ہیں۔ کاروبار ٹھپ پڑے ہیں، دکاندار چلا رہے ہیں۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ نے سرمایہ کار کمیونٹی کو خوفزدہ کردیا ہے۔ اس حکومت کو جتنی سپورٹ ملی کسی حکومت کو نہیں ملی۔ اس کے باوجود پاکستان کی معیشت مسلسل نیچے کی طرف جارہی ہے۔ کیا ہمارے دور کا پاکستان بہتر تھا یا موجودہ پاکستان بہتر ہے۔