Friday, May 3, 2024

تاپی گیس منصوبہ: پاکستان کو یومیہ ایک ہزار 325 ملین مکعب فٹ گیس حاصل ہو گی

تاپی گیس منصوبہ: پاکستان کو یومیہ ایک ہزار 325 ملین مکعب فٹ گیس حاصل ہو گی
December 14, 2015
اسلام آباد (92نیوز) سستی گیس کی ترسیل کے تاریخی منصوبے تاپی کا ترکمانستان میں سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ منصوبہ خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق ترکمانستان کے شہر میری سٹی میں تاریخی تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب گزشتہ روز ہوئی۔ دس ارب ڈالر لاگت کا یہ منصوبہ 2018ءمیں مکمل ہو گا۔ منصوبے کے تحت ترکمانستان سے بھارت تک 1735 کلو میٹر طویل پائپ لائن بچھائی جائے گی۔ پائپ لائن ترکمانستان کے سرحدی شہر دولت آباد سے شروع ہو گی جو ہرات اور قندھار سے ہوتی ہوئی کوئٹہ کے راستے پاکستان میں داخل ہو گی اور پھر ملتان سے گزر کر یہ نئی دہلی جائے گی۔ وسطیٰ ایشیائی ملک سے گیس کی درآمد سے پاکستان کو یومیہ ایک ہزار تین سو پچیس ملین مکعب فٹ گیس حاصل ہو گی جس سے ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔