Friday, April 19, 2024

تازہ علاقائی صورتحال میں ہائبرڈ خطرات کے خلاف مؤثر تحفظ ناگزیر ہے ، آرمی چیف

تازہ علاقائی صورتحال میں ہائبرڈ خطرات کے خلاف مؤثر تحفظ ناگزیر ہے ، آرمی چیف
September 14, 2021 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے تازہ علاقائی صورتحال میں ہائبرڈ خطرات کے خلاف مؤثر تحفظ ناگزیر ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈکوارٹرز کراچی کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کو کور کی آپریشنل تیاریوں، تربیتی اور انتظامی امور سمیت صوبے کی داخلی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کو پاک فوج اور رینجرز کی جانب سے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فراہم کی جانیوالی معاونت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تازہ ترین علاقائی صورتحال میں ہائبرڈ خطرات کے خلاف موثر تحفظ کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں خطرات کے خلاف مجموعی مربوط قومی ردعمل کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔ آرمی چیف نے کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے سول انتظامیہ کی مدد پر کراچی کور کو خراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خاتون پاکستان گورنمنٹ گرلز سکول کراچی کا بھی دورہ کیا اور طلبات کو اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم کرنے پر اسکول انتطامیہ کو سراہا۔

آرمی چیف نے پاک فوج، رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کے لواحقین سے بھی ملاقات اور انکی خیریت دریافت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف  جنرل قمر جاوید  باجوہ نے شہداء کے لواحقین کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت کی۔