Friday, April 26, 2024

تاریخ کے سب سے بڑے ڈوپنگ سکینڈل کا انکشاف !!! لندن اولمپکس میں حصہ لینے والے سینکڑوں کھلاڑیوں کے نمونے مشکوک

تاریخ کے سب سے بڑے ڈوپنگ سکینڈل کا انکشاف !!! لندن اولمپکس میں حصہ لینے والے سینکڑوں کھلاڑیوں کے نمونے مشکوک
August 2, 2015
لاہور (92نیوز) انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف اتھلیٹکس فیڈریشنز میں تاریخ کے سب سے بڑے ڈوپنگ سکینڈل کا انکشاف ہوا ہے۔ دو ہزار گیارہ سے دو ہزار بارہ کے درمیان ہونے والے مقابلوں میں حصے لینے والے ایک تہائی اتھلیٹس نے کارکردگی میں اضافہ کرنے والی ادویات کا استعمال کیا۔ لندن اولمپکس میں تمغے جیتنے والے دس کھلاڑیوں کے خون کے نمونے بھی مشکوک نکلے ہیں۔ دو ہزار گیارہ سے دو ہزار بارہ کے دوران اتھلیٹس کے نمونوں کی جانچ کا کام اینٹی ڈوپنگ ماہرین کو دیا گیا جنہوں نے رپورٹ تیار کر کے ایسوسی ایشن آف ایتھلیٹکس فیڈریشنز کو بھجوا دی تاہم یہ رپورٹ اب افشا کر دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دو ہزار گیارہ سے دو ہزار بارہ کے درمیان پانچ ہزار کھلاڑیوں کے خون کے بارہ ہزار نمونوں کی جانچ کی گئی۔ لیک ہونے والے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ آٹھ سو ایتھلیٹس کے نمونے ڈوپنگ کے بہت قریب پائے گئے۔ جن ممالک کے کھلاڑی شک کے دائرے میں ہیں ان میں روس اور چین کا نام سرِ فہرست ہے۔ روس کے تقریباً اسی فیصد کھلاڑیوں کے نمونے مشکوک ہیں۔ مشکوک کھلاڑیوں میں برطانیہ کے آٹھ اتھلیٹس بھی شامل ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل کبھی اس قدرغیرمعمولی خون کے نمونے نہیں دیکھے گئے۔ بہت سے کھلاڑیوں نے ممنوعہ ادویہ استعمال کیں لیکن انہیں تمغوں سے محروم کیا گیا اور نہ کوئی سزا دی گئی۔