Sunday, September 8, 2024

تارکین وطن کے معاملے پر یورپ ایک نئے بحران میں داخل ہو گیا

تارکین وطن کے معاملے پر یورپ ایک نئے بحران میں داخل ہو گیا
August 24, 2015
سکوپے (ویب ڈیسک) یورپی ممالک میں تارکین وطن کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے جبکہ کئی دنوں سے مقدونیہ کی سرحد پر پھنسے ہزاروں تارکین وطن پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے بعد کیوکلیا میں داخل ہو گئے ہیں۔ شام اور دیگر عرب ممالک میں جاری تنازعات سے تنگ افراد جائے پناہ کی تلاش میں پیدل اور چھوٹی کشتیوں کے ذریعے اپنی زندگیاں خطرات میں ڈال کر یورپی ممالک کا رخ کر رہے ہیں لیکن مغربی حکومتیں انہیں پناہ دینے کو تیار نہیں۔ دوسری طرف انتہا پسند اور نسل پرست مغربی باشندوں نے مہاجرین کے کیمپوں پر حملے شروع کر دیئے ہیں۔ جرمنی میں مہاجر کیمپوں کی حفاظت پر مامور اکتیس پولیس اہلکار نسل پرستوں کے حملوں میں زخمی ہو گئے ہیں تاہم سیکسنی کے وزیر اعظم سٹینس سلاف ٹیلیخ نے حملوں کی مذمت کی ہے اور پناہ گزینوں کے تحفظ، خوراک اور رہائش کی ذمہ داریاں پوری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فرانسیسی وزیراعظم اولاند اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل مہاجرین کے بحران پر آج سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔ گزشتہ روز ہزاروں تارکین وطن مقدونیہ میں داخل ہو گئے لیکن دھکم پیل میں بہت سے بچے والدین سے بچھڑ گئے جبکہ کئی پولیس تشدد سے لہو لہان ہو گئے۔ مہاجرین مقدونیہ، یونان، سربیا اور ہنگری کے راستے مغربی یورپ جانا چاہتے ہیں۔