Saturday, April 20, 2024

تاجکستان کے صدر امام علی رحمن دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

تاجکستان کے صدر امام علی رحمن دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے
June 2, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) تاجکستان کے صدر امام علی رحمن دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ وفاقی وزیر خسرو بختیار نے استقبال کیا۔

تاجکستان کے صدر امام علی رحمان وزیرا عظم ہاﺅس پہنچے۔ وزیر اعظم عمران خان نے اُن کا استقبال کیا۔ انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے تاجک صدر سے کابینہ ارکان کا تعارف بھی کروایا۔

اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور تاجکستان میں پاکستان کے سفیر عمران حیدر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔

شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان، تاجکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پر عزم ہے۔ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت، ان دو طرفہ مراسم کو مزید وسعت دینے اور مستحکم بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ تعلیم، ہاؤسنگ، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، ٹیکنالوجی اور توانائی سمیت بہت سے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے پر عزم ہیں۔ کاسا 1000 جیسے اہم منصوبوں کی بروقت تکمیل، جنوبی و وسطی ایشیا کے مابین توانائی راہداری کے قیام میں معاون ثابت ہو گی۔

وزیر خارجہ نے تاجک صدر کو افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کوششوں اور ان کے ثمرات سے آگاہ کیا ۔ تاجک صدر نے پرتپاک خیر مقدم اور عمدہ میزبانی پر وزیر خارجہ اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ تاجک صدر پاکستان کا دورہ وزیرا عظم عمران خان کی دعوت پر کر رہے ہیں۔ امام علی رحمان اپنے دورہ پاکستان کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بھی ملاقات کریں گے۔