Sunday, May 5, 2024

تاجکستان میں کاسا 1000 بجلی منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا‘ سستی بجلی ملے گی

تاجکستان میں کاسا 1000 بجلی منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا‘ سستی بجلی ملے گی
May 12, 2016
دوشنبے (92نیوز) تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں کاسا 1000 پاور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ بجلی منصوبہ چار ممالک کو جوڑنے والا پہلا پراجیکٹ ہو گا۔ پاکستان کو 2018ءتک ایک ہزار میگا واٹ بجلی ملے گی۔ تفصیلات کے مطابق دوشنبے میں کاسا 1000پاور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں پاکستان‘ افغانستان‘ تاجکستان اور کرغزستان کے سربراہان مملکت نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف نے منصوبے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا اور کہا کہ اس سے پاکستان کو ایک ہزار میگا واٹ بجلی ملے گی جس سے ملکی طلب کو پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہونگے جس پر خوشی ہے۔ منصوبہ وسط ایشیا اور جنوبی ایشیا کے ممالک کوآپس میں ملائے گا جس سے تعلقات مضبوط ہونگے۔ تقریب میں عالمی بینک کے نمائندے نے بھی شرکت کی اور کہا کہ منصوبے سے پاکستان اور افغانستان کی ضروریات پوری ہونگی۔ واضح رہے کہ اس منصوبے کے تحت پاکستان کو ملنے والی بجلی کی قیمت پانچ روپے فی یونٹ ہو گی۔