Thursday, April 25, 2024

تاجروں کی ٹیکس ادائیگی کیلئے شناختی کارڈ کی شرط تبدیل، نوٹیفکیشن جاری

تاجروں کی ٹیکس ادائیگی کیلئے شناختی کارڈ کی شرط تبدیل، نوٹیفکیشن جاری
October 4, 2019
اسلا م آباد (92 نیوز) وزیراعظم اور آرمی چیف سے سرمایہ کاروں اور تاجر نمائندوں کی ملاقات رنگ لے آئی۔ حکومت نے تاجروں کی ٹیکس ادائیگی کیلئے شناختی کارڈ کی شرط کو بدل دیا۔ ایف بی آرنے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ خریدار کی شناخت کیلئے رپورٹ کئے گئے شناختی کارڈ کی فراہمی نیک نیتی تصور ہو گا۔تاہم ٹیکس انوائس کے ذریعے سیلزٹیکس ایکٹ کی شق 23 کے تقاضے پورا کرنا لازم ہوگا۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والانے وزیراعظم، آرمی چیف، چیئرمین نیب کی جانب سے بزنس کمیونٹی کو دی گئی یقین دہانی پر رد عمل میں کہا کہ وزیراعظم ، آرمی چیف اور چیئرمین نیب کی بزنس کمیونٹی کو یقین دہانی اعتماد کو بحال کریگی۔ انہو ں نے کہا امید کرتا ہوںحکومت کاروباری طبقے کو بہتر اور سازگار ماحول فراہم کرے گی۔ سلیم مانڈوی والاکا کہنا تھا کہ مشاورتی عمل کو جاری رہنا چاہئے،بزنس کمیونٹی کے لئے ساز گار ماحول کی فراہمی انتہائی لازمی ہے۔ ملک میں تجارتی سرگرمی مجموعی معاشی صورتحال پر اثر انداز ہوتی ہے۔تاجر برادری کی حالیہ اعلی سطح ملاقاتیں انکی حب الوطنی کو ظاہر کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھاری ٹیکسیشن اور غیر ضروری رکاوٹوں سے کاروباری طبقے کا اعتماد پست ہوا،کاروباری طبقہ ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ معیشت اور سکیورٹی کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ مزید کہا کہ حکومت کو تاجر برادری کی ضروریات کو سامنے رکھ کر پالیسی سازی کرنی چاہیے۔ پارلیمان قانون سازی کے ذریعے اپنا کردار ادا کر یگا۔