Thursday, April 25, 2024

تاجروں کا حکومت کی جانب سےشناختی کارڈ کی شرط ماننے سے انکار برقرار

تاجروں کا حکومت کی جانب سےشناختی کارڈ کی شرط ماننے سے انکار برقرار
October 2, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) تاجروں کا حکومت کی جانب سے شناختی کارڈ کی شرط ماننے سے انکار برقرار ہے۔ تاجر تنطیموں سے شرط منوانے میں ناکامی نے حکومت کے لیے نئی مشکلات کھڑی کر دیں۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے وزیر اعظم عمران خان کو تنازعہ پر بریفنگ سے پہلے تاجر تنظیموں سے رابطہ کیا لیکن تاجروں کا کہنا ہے کہ وہ شناختی کارڈ کی شرط کو کسی صورت نہیں مانیں گے۔ آئی ایم ایف کا جائزہ مشن پاکستان پہنچنے میں صرف ایک ہفتہ باقی ہے۔ شناختی کارڈ کی شرط پر عملدرآمد میں ناکامی کی صورت میں آئی ایم ایف حکام کی جانب سے منفی جائزہ رپورٹ آنے کا خدشہ ہے۔ تاجروں کی سیلز کو دستاویزی بنانا آئی ایم ایف معاہدے کی بنیادی شرائط میں شامل ہے۔ ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ  ایف اے ٹی ایف سیلز کے دستاویزی بنانے میں ناکامی کو لوکل انڈر انوائسنگ قرار دیتا ہے۔ پاکستان لوکل انڈر انوائسنگ منی لانڈرنگ کیلئے رقوم فراہم کرنے کا بڑا ذریعہ ہے۔ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کہتے ہیں وہ  تاجروں کے ساتھ ہر سطح پر مزاکرات کے لئے تیار ہیں۔ کل پرسوں بھی کاروباری طبقے کو ملاقات کے لئے بلایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کاروباری طبقے کے لئے شناختی کارڈ کی شرط ختم نہیں کی گئی۔ شناختی کارڈ کی شرط لازم ہے لیکن ایک دو ماہ اور مزید چل سکتی ہے۔