Friday, April 26, 2024

تاجروں سے مذاکرات: اسحاق ڈار بینک ٹرانزیکشن پر عائد ٹیکس موخر کرنے پر رضامند ہو گئے

تاجروں سے مذاکرات: اسحاق ڈار بینک ٹرانزیکشن پر عائد ٹیکس موخر کرنے پر رضامند ہو گئے
July 8, 2015
اسلام آباد (92نیوز) اسحاق ڈار تاجربرادری کے دباﺅ پر بینک ٹرانزیکشن پر عائد ٹیکس موخر کرنے پر رضامند ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور تاجروں کے درمیان مذاکرات ختم ہو گئے جس کے بعد ٹیکس ختم کرنے اور نئی تجاویز شامل کرنے کے حوالے سے قانونی جائزہ لینے کیلئے 19رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ کمیٹی میں چیئرمین ایف بی آر سمیت 7چیمبرز کے صدور اور 7تاجرتنظیموں کے نمائندے شامل ہیں۔ کل دس بجے صبح دوبارہ اجلاس ہو گا اور شام تک حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ملک بھر کی تاجر برادری نے یکجا ہو کر ٹیکس کی مخالفت کی اور کھڑے ہوکراسے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ بتایا گیا ہے کہ مذاکرات کے دوران اسحاق ڈار زور دیتے رہے کہ اگرتاجر ٹیکس نہیں دینگے تو عام آدمی کیسے ٹیکس دے گا جس پر کسی نے نہ سنی۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو بالآخر ہتھیار ڈالنا پڑے اور اعلان کیا کہ اسے واپس لیکر کسی دوسری صورت میں ٹیکس وصول کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ٹیکس اکٹھا کرنا ہے، کسی طبقے کو پریشان کرنا نہیں، اس وقت ملک کی مالی حالت کو سدھارنے کےلئے نئے ٹیکسوں عائد کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ٹیکس کلچر کو فروغ دیئے بغیر ملک آگے نہیں جا سکتا، ہر آدمی کو ٹیکس نیٹ میں آنا ہو گا۔