Monday, May 13, 2024

تاجر رہنماؤں اور ایف بی آر میں مذاکرات ناکام

تاجر رہنماؤں اور ایف بی آر میں مذاکرات ناکام
October 9, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) تاجر رہنماؤں اور ایف بی آر میں مذاکرات ناکام ہو گئے۔ تاجروں نے 28 اور 29 اکتوبر کو ملک بھر میں شٹرڈاؤن کا اعلان کر دیا۔ تاجر رہنما خواجہ شفیق، نعیم میر اور اجمل بلوچ کا کہنا ہے ایف بی آر ان کی کوئی بات سننے کیلئے تیار نہیں۔ مرنا قبول کر لیں گے، معاشی قتل برداشت نہیں کریں گے۔ غیر منصفانہ ٹیکس نہیں دیں گے، شناختی کارڈ کی شرط کو مسترد کرتے ہیں۔ اسلام آباد کے سرینا چوک پر پولیس اور تاجروں کے درمیان جھڑپوں کے بعد ایف بی آر سے مذاکرات کے دونوں دور ناکام ہو گئے جس پر تاجر رہنماؤں نے دھرنا ختم کرتے ہوئے 28 اور 29 اکتوبر کو  پورے ملک میں شٹرڈاؤن کا اعلان کر دیا۔ تاجر رہنماؤں کا مطالبہ ہے کہ 50 ہزار سے زیادہ کی سیل پر شناختی کارڈ کی کاپی کی شرط ختم کی جائے۔ جزوی تبدیلی قبول نہیں۔ ادھر ایف بی آر حکام کے مطابق نوٹیفکیشن کی منسوخی کا فیصلہ مشیر خزانہ اور وزیراعظم کی غیر موجودگی میں نہیں ہو سکتا۔ 27اکتوبر کو جب مولانا فضل الرحمان اسلام آباد کی طرف مارچ کر رہے ہوں گے تو اس کے اگلے دو دن ملک بھر میں تاجر ہڑتال پر ہوں گے ۔ حکومت اور ایف بی آر کی یہ لڑائی کیا رُخ اختیار کرتی ہے آنیوالے دنوں میں صورتحال مزید دلچسپ ہو جائے گی ۔