Sunday, September 8, 2024

تائیوانی کمپنی نے ماربل پتھر سے کاغذ بنا ڈالا

تائیوانی کمپنی نے ماربل پتھر سے کاغذ بنا ڈالا
August 23, 2015
تائے پی (ویب ڈیسک) تائیوان کی ایک کمپنی نے پتھر سے کاغذ بنا کر انوکھا کارنامہ سرانجام دیدیا ہے۔ جی ہاں کاغذ بنانے کیلئے اب درخت نہیں کاٹنے پڑیں گے بلکہ اس کام کیلئے تائیوانی کمپنی اب پتھروں کو استعمال کرتی ہے۔ تائیوان کمپنی نے اس پراجیکٹ کیلئے پانچ کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری بھی کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پتھر سے بننے والا کاغذ بہت زیادہ لچکدار ہے اور اس کی حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس کاغذ کو پھاڑنا انسان کے بس کی بات نہیں ہے۔ اس کاغذ کی ایک خوبی یہ ہے بھی کہ اگر اسے پانی میں غوطہ بھی دے دیا جائے تب بھی اس پر لکھی سیاہی زائل نہیں ہوتی ہے۔ کاغذ بنانے کیلئے تائیوانی کمپنی نے سنگ مرمر کا پتھر استعمال کیا ہے۔ اس پتھر کو بڑی بڑی مشینوں میں ڈالا جاتا ہے جو اسے پیس کر باریک سفوف بنا دیتی ہیں بعدازاں اس سفوف میں پلاسٹک شامل کر دیا جاتا ہے۔ پھر اس مکسچر کی گولیاں بنانے کے بعد اس کے کاغذوں کے رول بنا لئے جاتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پیپر زیادہ گرمی برداشت نہیں کر سکتا اس لئے یہ کاغذ لیزرپرنٹر کے استعمال کے قابل نہیں ہے۔ پتھر سے بنا کاغذ عام کاغذ سے فی الحال 20فیصد مہنگا ہے مگر یہ تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ پتھر سے کاغذ بنانے والی کمپنی نے چین میں بھی اپنی فیکٹریاں کھول رکھی ہیں اور مستقبل میں اپنے کاروبار کو بھرپور وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے۔ واضح رہے کہ 2ہزار سال قبل کاغذ ایجاد کرنے کا سہرا چینیوں کے سر ہے۔