Sunday, September 8, 2024

تئیس مارچ پاکستان کی تقدیر بدلنے کا دن‘ اس روز بڑا اعلان کرینگے : رضا ہارون

تئیس مارچ پاکستان کی تقدیر بدلنے کا دن‘ اس روز بڑا اعلان کرینگے : رضا ہارون
March 16, 2016
کراچی (92نیوز) ایم کیو ایم کے باغی رہنما رضا ہارون نے کہا ہے کہ تیئس مارچ کو ایک بڑا اعلان کریں گے۔ یہ دن پاکستان کی تقدیر بدلنے کا دن ہوگا۔ پاکستان میں رہنے والے ننانوے فیصد مظلوم لوگوں کا دن تیئس مارچ ہو گا۔ وہ کراچی میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے سابق وزیر اور مصطفیٰ کمال کے ساتھی رضاہارون نے کہا ہے کہ تئیس مارچ کو پاکستان کی جمہوریت میں نئے سسٹم اور سوچ کا اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کو اپنی سیاسی جماعت کا نام، منشور اور نظریے کا اعلان کریں گے۔ 20کروڑ کی آبادی میں چند لاکھ کسی نہ کسی سیاسی جماعت سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا لوگوں کی بڑی تعداد ہال میں میچ دیکھ رہی ہے‘ دل سے دعا ہے کہ پاکستان میچ جیتے۔ انہوں نے کہا تئیس مارچ کا دن آنے والا ہے اس روز ایک بڑا اہم اعلان ہوگا۔ تئیس مارچ کو ہم اپنی جماعت کا نام اور اغراض ومقاصد بیان کریں گے۔ انہوں نے کہا ایسے افراد جو کسی جماعت سے وابستہ نہیں وہ آگے آئیں اور ملک کی بہتری کے لیے تعاون کریں۔ پاکستان میں رہنے والے 99فیصد مظلوم لوگوں کا دن 23مارچ ہوگا۔ رضا ہارون نے کہا ہمیں غیرمتوقع ردعمل ملا‘ سب کو جواب بھی نہیں دے پارہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے ہم سے رابطہ کرنے والوں کا بھی شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا فاروق ستار ذرا سوچ لیں کہ کہہ کیا رہے ہیں۔ بقول انکے ان کے پاس چوروں کا ٹولا ہے۔ ان کا فرض بنتا ہے کہ اپنے اندر دیکھیں۔