Friday, April 26, 2024

بے نظیر کا نام تک بیچ کر کھانے والوں نے کیا باقی چھوڑنا تھا ، فواد چودھری

بے نظیر کا نام تک بیچ کر کھانے والوں نے کیا باقی چھوڑنا تھا ، فواد چودھری
March 30, 2019

اسلام آباد ( 92 نیوز) وزیر اطلاعات و نشریات فواد اچودھری نے اپوزیشن کو نشانے پر رکھ لیا ، وزیر اعظم کے دورہ کراچی پر خورشید شاہ کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ  بے نظیر کا نام تک بیچ کر کھانے والوں نے کیا باقی چھوڑنا تھا۔

فواد چودھری نے کہا کہ سندھ کا پیسہ دبئی اور لندن میں لگتا رہا، اربوں روپے جعلی اکاؤنٹس، فرنٹ مینوں اور ماڈلز کےذریعے باہر بھجوائے گئے، یہ لوگ بےنظیر کا نام بھی بیچ کر کھاگئے تو اور کیا باقی چھوڑنا تھا۔

ٹویٹر پر سر گرم فواد چودھری نے  اپوزیشن پر تاک تاک کر نشانے لگائے ، کسی پر تنقید تو کسی کو مشورے دے ڈالے ، کہا کہ جب سے عمران خان سندھ پہنچے ہیں، خورشید شاہ کو نیند کی گولیاں کم پڑ گئی ہیں، شاہ جی کے سیاہ کارنامے سندھ کے عوام کی عدالت میں ہیں، وقت دور نہیں جب سندھ کے عوام کو جبر  سے نجات ملے گی، ڈاکو راج کا خاتمہ ہو گا۔

اس سے پہلے فواد چودھری نے نواز شریف کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور ایک بار پھر پلی بارگین کا مشورہ دیا ۔  فواد چودھری نے سوال اٹھایا کہ رہائی کے چوتھے روز بھی نواز شریف اسپتال داخل نہیں ہوئے، کیا مقصد صرف جیل سے باہر آنا تھا؟، کیا بیماری کیلئے آخری ہفتے کا انتظار ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ  پیسہ حسن نواز شریف اور حسین نواز شریف کا نہیں آپ کا ہے، اس قوم نے تین دفعہ عزت دی آپ قوم کا پیسہ واپس دیں۔