Thursday, April 25, 2024

بے نامی جائیدادوں والے ارکان اسمبلی کیخلاف چھان بین شروع

بے نامی جائیدادوں والے ارکان اسمبلی کیخلاف چھان بین شروع
July 10, 2019
لاہور(ویب ڈیسک ) محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے بے نامی جائیداد بنانے والے ارکان اسمبلی کے خلاف چھان بین شروع کر دی ، اس حوالے سے اینٹی کرپشن افسران کو خصوصی ٹاسک دیا گیا کہ جن ارکان اسمبلی نے بے نامی جائیدادیں بنائی ہیں اور ان کو اپنے اثاثوں میں ظاہر نہیں کیا ان کا سروغ لگایا جائے ۔ ذرائع کا کہنا ہے بعض ارکان اسمبلی کی بے نامی جائیدادوں کے حوالے سے سورس رپورٹ پر اینٹی کرپشن نے اپنی خفیہ کارروائی شروع کر دی ہے اور اس حوالے سے بورڈ آف ریونیو ، ایل ڈی اے سمیت ایکسائز سے بھی چھان بین شروع کی جائے گی ، کروڑوں روپے مالیت کی لگژری گاڑیوں کا ریکارڈ بھی لیا جائے گا ۔ جن ارکان اسمبلی کی بے نامی جائیدادوں کے حوالے سے چھان بین ہو رہی ہے ان میں بعض ارکان اسمبلی کا تعلق مسلم لیگ (ن) لاہور سے ہے ، یہ بات بھی ظاہر ہوئی کہ ان ارکان اسمبلی کی بے نامی جائیدادوں میں اضافہ ہوتا گیا، ایم این اے روحیل اصغر کو بھی اسی لئے آج طلب کیا گیا۔ اس سے قبل اینٹی کرپشن پنجاب نے ایک ہائوسنگ سکیم کے الزام میں رکن اسمبلی رانا مبشر اقبال، جائیدادوں پر قبضہ کے الزام میں کھوکھر برادران کیخلاف بھی مقدمات کئے ، ایک سابق رکن پنجاب اسمبلی کیخلاف چھان بین آخری مراحل میں ہے ، بے نامی جائیدادوں کا سراغ لگانے کیلئے اینٹی کرپشن افسروں کو تمام معلومات خفیہ رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔