Friday, April 19, 2024

بیک وقت تین طلاقوں کوقابل تعزیر جرم قرار دینے بارے اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس

بیک وقت تین طلاقوں کوقابل تعزیر جرم قرار دینے بارے اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس
November 27, 2018
لاہور ( 92 نیوز)  بیک وقت تین طلاقوں کو قابل تعزیر جرم قرار دینے سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس ڈاکٹر قبلہ ایاز کی زیرصدارت  ہوا۔ خواتین کی وارثت سے متعلق قوانین میں ترامیم اور تجاویز بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھیں ۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے بعد ڈاکٹر قبلہ ایاز نے  وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس  میں کہا کہ وزارت مذہبی امور، پارلیمانی امور اور اسلامی نظریاتی کونسل کے تعاون پر بات ہوئی۔کونسل کے ممبران اور وزراء کی جانب سے بہت اچھی تجاویز آئیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے کہا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل سے بھرپور رہنمائی لی جائے ،اسلامی نظریاتی کونسل کی قابل عمل سفارشات پر فی الفور عمل کیا جائے گا ،عمران خان کے ریاست مدینہ کے فلسفے پر اسلامی نظریاتی کونسل سفارشات پیش کرے گی ۔ نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ  مذہبی امور، قانون و انصاف، داخلہ، تعلیم اور پارلیمانی امور کی وزارتیں مسلسل اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی لیتی رہیں گی ۔ وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا، بدقسمتی سے ملک اپنی بنیاد پر قائم نہ رہا ، وزیر اعظم عمران خان کی خواہش ہے  ریاست مدینہ  کومشعل راہ بنا کر ریاستی امور چلائے چائیں ، آئین نے اسلامی نظریاتی کونسل کو امور سلطنت میں اہم اختیار دیا ہے ،اسلامی نظریاتی کونسل کو ماضی میں نظرانداز کیا گیا ۔