Friday, May 10, 2024

بیٹے کی شہادت پیلٹس کے باعث ہوئی ، والد شہید اسرار احمد

بیٹے کی شہادت پیلٹس کے باعث ہوئی ، والد شہید اسرار احمد
September 9, 2019
سرینگر ( 92 نیوز)  مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جھوٹ ہر روز بے نقاب ہو رہے ہیں ، پیلٹ گن کا نشانہ بننے والے طالعلم  اسرار احمد کے خاندان نے بتایا کہ بیٹے کی شہادت پیلٹس کے باعث ہوئی۔ بھارتی فورسز کی پیلٹس کا شکار ہونے والے  گیارہویں جماعت  کے  طالبعلم اسرار احمد کی شہادت کی خبر عالمی میڈیا پر آتے ہی بھارت بوکھلا اٹھا ،  بھارتی لیفٹیننٹ جنرل کنول جیت سنگھ ڈھلوں نے دعویٰ کیا کہ اسرار احمد کی شہادت پتھر لگنے سے ہوئی۔ لیکن حقائق اس سے بالکل مختلف ہیں، جسے نہ صرف بھارت کا اپنا میڈیا پہلے سامنے لایا ، بلکہ اب عالمی میڈیا نے بھی پردہ چاک کردیا ہے ۔ الجزیرہ کی رپورٹ میں شہید اسرار احمد کے والد کا انٹرویو شامل کیا گیا ہے، جن کا کہنا ہے کہ اسرار اس روز گراؤنڈ میں بیٹھا کیرم کھیل رہا تھا جب انھوں نے اس کے سر پر گولی ماری۔ اسرار کے والد اپنے بیٹے کی تصویر دکھاتے ہیں ، جس میں اس کے چہرے پر جابجا پیلٹس لگی ہوئی ہیں وہ سوال کرتے ہیں کہ کیا پتھر ایسا کرسکتے ہیں۔ اسرار احمد کی میڈیکل رپورٹس بھی بھارتی دعوؤں کی نفی کرتی ہیں جس میں واضح بتایا گیا کہ وہ پیلٹ لگنے سے زخمی ہوا تھا جبکہ اس کے سر کے ایکس رے میں بھی پیلٹس واضح نظر آرہی ہیں۔ اسرار احمد تقریباً ایک ماہ تک زندگی اور موت کی جنگ لڑتا رہا ، اسپتال میں اسے جان بچانے والی مشینوں پر رکھا گیا تھا۔ ظلم کی داستان یہی ختم نہ ہوئی ، درندہ صفت بھارتی فورسز اسرار احمد کی شہادت پر مزید خوفزدہ ہوگئی ، اسے اپنے آبائی قبرستان میں تدفین کی بھی اجازت نہ دی۔ بہادر کشمیری اپنے بیٹے کو کندھا دینے باہر نکل آئے ، آزادی کے نعروں میں اسرار احمد کو سپردخاک کیا گیا۔