Sunday, September 8, 2024

بیٹیوں نے اپنے جگر کے ٹکڑے عطیہ کر کے باپ کی جان بچا لی

بیٹیوں نے اپنے جگر کے ٹکڑے عطیہ کر کے باپ کی جان بچا لی
August 8, 2015
وکٹوریہ (ویب ڈیسک) ہانگ کانگ کی دو بیٹیوں نے جگر کا ٹکڑا عطیہ کر کے اپنے مرتے ہوئے باپ کی جان بچالی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چین سے تعلق رکھنے والے چیانگ چی منگ مکاو¿ میں سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کرتے ہیں۔ انہیں ہیپاٹائٹس بی یعنی جگر کی سوزش کا مرض تھا جس کی وجہ سے ان کا جگر ناکارہ ہو چکا تھا اور وہ آپریشن سے پہلے کومے کی آخری حالت میں تھے۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ جگر کی پیوند کاری کے بغیر وہ ایک ہفتے کے اندر مر سکتے ہیں۔ ڈاکٹروں نے چنگ منگ کی تین بیٹیوں کے خون کے گروپ معلوم کئے اور ان کے خون کے نمونے کی جانچ کی جس سے پتا چلا کہ دو لڑکیاں بائیس سالہ کھائی کھائی اور تئیس سالہ لام لام عطیہ دہندہ بننے کےلئے موزوں تھیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ ایک لڑکی سے عطیہ میں ملنے والا جگر کا حصہ بہت چھوٹا تھا لہٰذا ڈاکٹروں نے دونوں لڑکیوں کے جگر کے حصے کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ چنگ منگ کو مناسب سائز کا جگر فراہم کیا جاسکے۔ بالآخر ہانگ کانگ کے ایک ہسپتال میں ڈاکٹروں نے جگر کی دہری پیوند کاری کا کامیاب آپریشن کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ اس طرح چنگ منگ کی بیٹیوں نے اپنے جگر کے ٹکڑے عطیہ کر کے اپنے باپ کی جان بچا لی۔