Sunday, September 8, 2024

بیوہ کوٹہ کے متاثرین ایل ڈی اے حکام کے عتاب کا شکار

بیوہ کوٹہ کے متاثرین ایل ڈی اے حکام کے عتاب کا شکار
August 17, 2015
لاہور(92نیوز)لاہور کے علاقے جوہر ٹاﺅن میں ایل ڈی اے حکام نے بیوہ کوٹہ کے پلاٹوں کو ہتھیانے کیلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کرنے شروع کردئیے،بیوہ کوٹہ کے متاثرین کے گھروں سے قبضہ چھوڑا جارہا ہے نہ ہی ان کی کوئی شنوائی ہو رہی ہے. تفصیلات کےمطابق بیوہ کوٹہ پر الاٹ کئے گئے پلاٹوں پر کی گئی انکوائری رپورٹ سات سال گزر جانے کے باوجود منظر عام پر نہیں آسکی، بیوہ کوٹہ کے متاثرین آج بھی ایل ڈی اے حکام کے عتاب کا شکار ہیں۔ نائنٹی ٹو نیوز کی نشاندہی پر ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر نے متاثرین کیساتھ مل کر ایڈیشنل ڈی جی ایل ڈی اے عمارہ سے ملاقات کی۔ ایڈیشنل ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا کہ اس معاملے پر تین رکنی کمیٹی بنادی گئی ہے جو اس مسئلے کا حل ایک مہینے میں نکال لے گی۔ وقت گزرتا جارہا ہے لیکن ابھی تک ایل ڈی اے حکام کی جانب سے نہ تو متاثرین سے رابطہ کیا گیا اور نہ ہی ان کی کہیں شنوائی ہوئی ہے۔ دوسری جانب ایل ڈی اے حکام اپنی غفلت کو چھپانے کیلئے بیوہ کوٹہ کے پلاٹوں کو ہتھیانے کیلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔ متاثرین کے گھروں سے قبضہ نہیں چھوڑا جارہا۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ ان سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کی بجائے ان کے گھروں پر قبضے کرکے ایل ڈی اے حکام اپنے ملازمین کی کرپشن پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ جبکہ ساری صورتحال پر ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ چپ سادھے ہوئے ہیں جبکہ کرپٹ مافیا سرگرم ہے۔